جامشورو :مقابلے کے بعد انتہائی خطرناک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار،ساتھی فرار
جامشورو(اے این این ) جامشورو میں ٹول پلازہ کے قریب پولیس نے مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے انتہائی خطرناک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق جامشورو میں ٹول پلازہ کے قریب پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی جس پر وہاں موجود دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کردی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں ایک دہشت گرد زخمی ہو گیا جس کو گرفتار کرلیا ہے جب کہ دہشت گرد کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کے مطابق دہشت گرد کی شناخت عبدالحمید عرف سمیع کے نام سے ہوئے ہے جس کا تعلق ماضی میں کالعدم لشکر جھنگوی سے رہا ہے جب کہ اس نے حال ہی میں نئی تنظیم جند الفدا کی بنیاد رکھی تھی۔پولیس نے دہشت گرد کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جب کہ ساتھیوں کی تلاش کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کرکے تلاش جاری ہے۔