• news

چیئرمین واپڈا کی وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات، نیلم جہلم پراجیکٹ پر گفتگو

لاہور (کامرس رپورٹر)چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین (ریٹائرڈ) نے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان سے ملاقات کی۔نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تکمیل اور بجلی کے پیداواری عمل سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔وزیرِ اعظم بتایا گیا کہ منصوبہ کی تکمیل کا فی عرصہ سے تاخیر کا شکار تھی لیکن تاخیر کی وجوہات کو دور کر لیا گیا ہے اوراب منصوبہ تیزی سے مکمل ہو رہاہے ۔ منصوبہ نیشنل گرڈ میں پن بجلی کا تناسب بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا کیونکہ اِس کی تکمیل پر قومی نظام کو ہر سال تقریباً پانچ ارب یونٹ سستی پن بجلی حاصل ہوگی جبکہ سالانہ 50ارب روپے کا ریونیو حاصل ہوگا ۔ملاقات کے دوران سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اہمیت اور بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر پانی ذخیرہ کرکے پاکستان میں پانی کی قلت پیدا کرنے کے بھارتی عزائم کے بارے میں بھی گفتگو کی گئی ۔وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر کام کی رفتار اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرامز میں واپڈا کی مدد کی تعریف کی ۔ اُنہوں نے اِس امر پر زور دیا کہ واپڈا اور آزاد کشمیر کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ کے محکمہ کو جاری ترقیاتی منصوبے تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کرنے چاہیں۔چیئرمین واپڈا نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ۔

ای پیپر-دی نیشن