ایدھی سینٹرز کی املاک پر قبضہ ختم کرائیں گے: وزیر اطلاعات سندھ
کراچی (وقائع نگار)صوبائی وزیر اطلاعات ،محنت و ٹرانسپورٹ سید ناصر حسین شاہ نے کھارادر/ میٹھادر میں واقع مشہور و معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی مرحوم کے فرزند فیصل ایدھی سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی وہ کچھ دیر تک ان کے ہمراہ رہے اور گزشتہ دنوں ایدھی سینٹرز کی املاک پر قبضہ کے معاملات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فیصل ایدھی انسانیت کی خدمت اور خیر کا کام کر رہے ہیں اور انکے ان کاموں کی وجہ سے پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت انہیں ہر ممکن مددو تعاون فراہم کر رہی ہے ۔جہاں تک قبضہ معاملات ہیں تو انہیں پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر رابطہ کر کے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کو معاملے کی مکمل چھان بین کیلئے ہدایات جاری کیں اور ملوث افراد کے خلا ف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔