کراچی میں 10ہزار نئے سی سی ٹی وی کیمرے لگا رہے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ
کراچی (وقائع نگار) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سیف سٹی پروگرام کے تحت کراچی میں 10 ہزار نئے سی سی ٹی وی کیمرے لگارہے ہیں۔ وزیراعلی ہائوس میں ناروے کے سفیر ٹوربے نیڈریبو سے ملاقات کے موقع پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہونے سے ہوٹل انڈسٹری ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور سرمایہ کاروں کے لئے خوشگوار ماحول موجود ہے۔ ملاقات میں پاکستان میں ناروے کے سفیر ٹورے نیڈ ریبو نے کراچی کے امن و امان، دو طرفہ تعلقات اور توانائی و ثقافتی شعبے میں کام کرنے پر وزیراعلی سندھ سے اتفاق کرتے ہوئے شہر کے امن بحال ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ہم پورٹ قاسم پر توانائی کے پروجیکٹ پر کام کررہے ہیں اور مزید چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت کے ساتھ شمسی توانائی و ٹیکنیکل ایجوکیشن میں ٹریننگ پر کام کریں۔ جس پر مراد علی شاہ نے ناروے کے سفیر کو سندھ میں پیشہ ورانہ اور ٹریننگ کورسز پر کام کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ ہم عوام کی خوشحالی اور استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔