اسحاق ڈار محکمہ خزانہ کی حساسیت سمجھتے ہیں‘ استعفیٰ دیدیں: شاہ محمود
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سینیٹر اسحاق ڈار کو اخلاقی مستعفی ہو جا نا چاہیے وہ سمجھدار انسان ہیں اور محکمہ خزانہ کی حساسیت کو سمجھتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) فکری طور پر دو حصوں میں تقسیم دکھائی دیتی ہے۔ مسلم لیگ (ن)میں ایک سوچ ہے کہ محاذ آرائی سے سیاسی مظلومیت کا رنگ ملے گاجبکہ بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ محاذ آرائی سے پارٹی کو نقصان ہو گا۔ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن بروقت اور شفاف ہوں۔منگل کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک چاہتی ہے کہ کرپشن کی بیخ کنی ہونی چاہیے، امید ہے کہ اسحاق ڈار عدالت میں پیش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن بروقت اور شفاف ہوں قانون کے مطابق مردم شماری کے بعد حلقہ بندیاں ہونا ہوتی ہیں اگر ہم اسمبلی کی سیٹیں بڑھاتے ہیں تو نیا پنڈورا باکس کھل جاتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن تاخیر کا شکار نہ ہوں۔