• news

عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج رائے ونڈ میں بعد نماز عصر شروع ہو گا، دعا اتوار کو ہو گی

رائے ونڈ/ راجہ جنگ/ لاہور (نامہ نگاران+ کامرس رپورٹر) عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آج رائے ونڈ میں بعد از نماز عصر شروع ہو گا۔ 3 خصوصی ٹرینیں زائرین کو لیکر رائے ونڈ پہنچ گئیں۔ ریلوے سٹیشن پر استقبالیہ کیمپ قائم کردیا گیا۔ مہمانوں کی کھانوں اور مشروبات سے تواضع شروع۔ عالمی تبلیغی مرکز 10روز کیلئے بند کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی اجتماع کا پہلا مرحلہ رائے ونڈ کے وسیع وعریض میدانوں میں آج بعد از نماز عصر امیر جماعت حاجی عبدالوہاب کے ابتدائی بیان سے شروع ہوگا جو تین دن جاری رہنے کے بعد اتوار کی صبح اختتامی دعا پر اختتام پذیر ہو گا اجتماع گاہ کی تیاری کا عمل مکمل ہو گیا۔پہلے مرحلے میں سرگودھا ڈویژن، راولپنڈی ڈویژن، علاوہ کراچی اندرون سندھ، دیر، باجوڑ، چترال، بنوں، کرک، لک یمروت، مظفر آباد، جہلم اور سرائے عالمگیر کے مندوبین شرکت کرینگے۔ قانون نافذ کرنیوالے اداروں سمیت دیگر صوبائی محکموں کے امدادی کیمپ قائم کر دئیے، دو ہزار کے قریب پولیس اہلکار پنڈال کے اردگرد ڈیوٹی سرانجام دیں گے بم ڈسپوزل، سول ڈیفنس سمیت خفیہ اداروں کے سینکڑوں اہلکار اجتماع میں خصوصی ڈیوٹی سرانجام دینگے پنڈال کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر 10 واک تھرو گیٹ نصب کئے جارہے ہیں شرکا اجتماع میں مشکوک افراد کی نگرانی کیلئے بائیومیٹرک تصدیق کیلئے نادرا کی گاڑیاں موجود ہونگی، شرکائے اجتماع کے قیام و طعام کیلئے درجنوں مطبخ خانے قائم کردئیے گئے ہیں جہاں گوشت، سبزی اور روٹی انتہائی سستے داموں دستیاب ہوگی۔ پنڈال بازار میں عطائیت کیلئے خلاف خصوصی کارروائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، آٹھ بیڈ پر مشتمل ایک ہسپتال اور چھ ڈسپنسریاں محکمہ صحت کی جانب سے قائم کردی گئی ہیں جن میں 40 ڈاکٹرز اور دیگر عملہ 24 گھنٹے ڈیوٹی دیگا جو شرکاء کو ہر طرح کی طبی سہولیات مفت فراہم کریگا جبکہ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال اور رورل ہیلتھ سنٹر میں ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، اجتماع ڈیوٹی روسٹر جاری کردیا گیا، وبائی امراض اور سانپ، کتے کاٹنے کی ویکسین فراہم کردی گئی، پنڈال کی صفائی کیلئے اووز پاک کا عملہ اور گاڑیاں ہمہ وقت موجود رہیں گی ریلوے پولیس کی نفری ریلوے سٹیشن پر آنیوالے مسافروں کی سہولت کیلئے تین شفٹوں میں کام کریگی، پنڈال میں شعبہ بجلی کے کارکنان پنڈال کو روشن کرنے میں مصروف ہیں، سینکڑوں پختہ جبکہ ہزاروں عارضی بیت الخلاء تعمیر کردئیے گئے ہیں، بھارت سے تبلیغی اکابرین کی آمد کا سلسلہ شروع گیا۔ ذرائع کے مطابق رواں سال تبلیغی اکابرین کو پاکستانی سفارتخانوں کی طرف سے ویزے جاری کئے گئے جس سے غیر ملکی مندوبین کی آمد کی شرح میں اضافہ ممکن ہے، مقامی افراد نے بازاروں میں 10/10 فٹ کی جگہ سٹال کیلئے ہزاروں روپے کرایہ وصولی سے دور دراز سے آنیوالے افراد سراپا احتجاج ہیں مقامی ذخیرہ اندوز بھی حرکت میں آگئے، سبزی منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی منہ مانگی قیمتوں کی وصولی کے خلاف تادم تحریر کوئی خصوصی اقدام نہیں کیا گیا، ٹرانسپورٹراور رکشہ ڈرائیوروں نے لوٹنے کا سلسلہ شروع کررکھا ہے جس پر ضلعی انتظامیہ خاموش نظر آرہی ہے ہزاروں گاڑیوں کی پارکنگ کیلئے مختلف مقامات پر وسیع ترین انتظامات مکمل کر لئے گئے، ہنگامی حالات سے نبٹنے کیلئے 1122 کے کیمپ اور پولیس کیمپ قائم کئے جائیں گے، اجتماع کا دوسرا مرحلہ 10 نومبر کو شروع ہو گا جو 12نومبر کو اختتامی دعا پر اختتام پذیر ہوگا۔ علاوہ ازیں سٹی ٹریفک پولیس نے رائے ونڈ تبلیغی اجتماع فیزون کے لئے دو ایس پیز، 8ڈی ایس پیز، 34 انسپکٹرز، 118پٹرولنگ افسران اور 698 وارڈنز سمیت رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے فوک لفٹرز اور بریک ڈائون تعینات کئے گئے۔ رائیونڈ میں ایک کیمپ آفس، کنٹرول روم اور مانیٹرنگ روم بھی قائم کیا گیا۔ ٹریفک پلان کے مطابق جی ٹی روڈ گوجرانوالہ سے آنے والی شرکاء کی گاڑیوں کو کالا شاہ کاکو انٹرچینج سے موٹروے کے ذریعے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائے گا، اگرکوئی گاڑی جی ٹی روڈ گوجرانوالہ کی طرف سے شاہدرہ پہنچ جائے تواسے بیگم کوٹ کے راستے بذریعہ فیض پور انٹرچینج موٹروے کے ذریعے قزلباش چوک، رائیونڈاجتماع براستہ خیابان جناح چوک بھجوایاجائے گا۔ فیصل آباد سرگودھا سے براستہ شیخوپورہ آنے والی شرکاء کی گاڑیوں کو پیر بہارشاہ چوک شیخوپورہ براستہ موٹروے ٹھوکر نیازبیگ بھجوایا جائے گا۔ تبلیغی اجتماع کے شرکاء کی اگرکوئی گاڑی کسی طرف سے شیراکوٹ پہنچ جائے تواسے موٹروے پر بجھوایا جائیگا یعنی جانب چوک یتیم خانہ نہیں جانے دیا جائیگا۔ موٹروے سے ان گاڑیوں کو قزلباش چوک سے ڈائیورٹ کرکے رائیونڈ روڈ سے پاجیاں موڑتک اورپاجیاں موڑپر تعینات ٹریفک سٹاف ان گاڑیوں کو روہی نالہ پر بھجوائے گا۔ اوکاڑہ کی طرف سے آنے والی شرکاء کی گاڑیوں کو موٹروے پولیس کے تعاون سے مانگابائی پاس/ مانگاروہی نالہ کے راستے رائیونڈ اجتماع میں بھجوایا جائے گا۔ مانگا بائی پاس/ مانگاروہی نالہ پرٹریفک کے دبائو کی صورت میں کچھ وقفہ کے لئے شرکاء کی گاڑیوں کو مانگاروہی نالہ کی طرف بھجوانے کی بجائے ملتان روڈ پر واقع سندر اڈہ تک آنے دیا جائے گا اورشرکاء کی گاڑیوں کو سندر اڈہ سے بذریعہ سندر روڈ اجتماع کی طرف بھجوایا جائیگا۔ یہ گاڑیاں پارکنگ نمبر2 اور پارکنگ نمبر 3میں پارک ہوں گی موہلنوال ملتان روڈ تک شرکاء کی جو گاڑیاں آ جائیں انہیں موہلنوال سے بحریہ ڈیفنس روڈکے ذریعے بھوبھتیاں چوک سے براستہ رائیونڈ روڈ اجتماع میں بھجوایا جائے گا۔ یہ گاڑیاں پارکنگ نمبر 10 اور پارکنگ نمبر 1میں پارک ہوں گی۔ کوٹ رادھا کشن کی طرف سے آنے والے شرکاء کی گاڑیوں کو بھچوکی پھاٹک سے گزار کر مانگا روہی نالہ اجتماع کی پارکنگ نمبر 6 اورپارکنگ نمبر7تک بھجوایا جائے گا۔قصور کی طرف سے آنے والی شرکاء کی گاڑیوں کوبراستہ للیانی صوئے آصل روڈ جودھو پھاٹک سے کھاراچوک روہی نالہ کے ذریعے برہان چوک سے براستہ بارا آئل ملزچوک نثار ملز کے بالمقابل مختص کی گئی پارکنگ نمبر 9میں بھجوایا جائے گا۔ بھٹی چوک سے آنے والی گاڑیوں کوبرہان چوک براستہ بارہ آئل ملزچوک، زراعت آفس کے سامنے واقع پارکنگ نمبر9 میں پارکنگ کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن