رائیونڈ اجتماع شروع‘ جہنم سے نجات کا واحد راستہ تبلیغ ہے: مولانا عبدالوہاب
رائیونڈ/لاہور (نامہ نگار+سٹاف رپورٹر) فرزاندان اسلام کا عظیم الشان 66واں سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع رائیونڈ میں بعد نماز عصر امیر جماعت مولانا حاجی عبد الواہاب کے بیان سے شروع ہوگیا۔ تبلیغی اجتماع میں پاکستان سمیت دنیابھر سے مسلمان تزکیہ نفس کے لیے رائیونڈ پنڈال میںجمع ہیں۔ حاجی عبدالوہاب نے اپنے افتتاحی بیان میں کہا کہ دعوت تبلیغ امر بالمعروف و نہی عن المنکر اسلام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، اس پر اسلام کی کامیابی کا انحصار ہے آج کے دور میں اس کی اشد ضرورت ہے، دعوت تبلیغ کا فلسفہ بھی یہی ہے،اللہ کے احکامات کو دوسروں تک پہنچائیں، یہ کام اللہ رب العزت نے نبیوں کے ذمہ لگایا جنہوں نے اس کام کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داری پوری کی، سوا لاکھ انبیاء کو دنیا میں معبوث فرماکر انسانیت کی بھلائی کا معاملہ کیا، ہر کلمہ گو کے دل میں تڑپ پیداکرکے کلمہ حق کی دعوت کو ہربنی نوع انسان تک پہنچانا اب ہمارے ذمہ ہے، نبی آخرالزمانﷺ کے بعد رب کے کسی نبی نے نہیں آنا، اس اہم کام کی ذمہ داری پوری کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے، جہنم سے نجات اور جنت کی کنجی حاصل کرنے کا واحد ر استہ تبلیغ ہے، دعوت تبلیغ کے کام کے لئے دنیا کے ہر کونے کونے میں پھیل کر دعوت و تبلیغ کی محنت کرنا ہوگی اور رات کے اندھیرے میں اٹھ کر اس محنت کی کامیابی کے لیے اللہ سے رو رو کر دعائیں کرنا ہوں گی، امت کی بھلائی کے لیے اپنا مال وجان اور وقت لگانا صدقہ جاریہ اور اس میں ہم سب کی بھلائی اور نجات ہے، اس نیک کام کو کرنے والے آخر ت میں بہت اجر پائیں گے اور جنت میں ان کا مقام ہوگا، اس نیک کام میں بہت سی رکاوٹیں اور شیطان راستہ روکنے کی ہرممکن کوشش کرنا ہے لیکن اللہ کی رضا کے لیے آگے بڑھتے رہو اور صبر وتحمل اور استقامت سے اس کارخیر کا حصہ بنے رہیں، تبلیغی مرکز رائیونڈ کے استاد مولانا جمیل الرحمن نے کہا اسلامی شعائر کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی دنیا اور آخرت کی کامیابیاں ہیں ،تبلیغی مشن انسانیت کی بھلائی کیلئے ہے، دین اسلام منزل من اللہ ہے جسے اللہ تعالیٰ نے بنی نوع انسان تک پہنچانے کیلئے انبیائے کرام نے ذمہ داری نبھائی ، نبی مکرم حضرت محمد رسول اللہﷺ چونکہ آخری نبی مبعوث کئے گئے، اب ہر انسان تک اللہ کی واحدانیت اور سنت رسول اللہﷺ کا پیغام پہنچانا امت محمدیہؐ کے فرائض میں شامل ہے۔ اجتماع کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد احمد لاڈ نے کہا قرآن پاک ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جس طرح ہر مشینری کے ساتھ ایک کیٹلاگ ملتی ہے اسی طرح اللہ تعالیٰ نے انسانی مشینری کو چلانے کیلئے قرآن کی صورت میں ایک کتاب دی ہے تاکہ انسان اپنے آپ کو اس کے مطابق چلائے۔ تمام انسانیت کی کامیابی اللہ تعالیٰ کے احکامات اور حضرت محمد رسول اللہﷺکے طریقوں پر چلنے میں ہے۔ بعداز نماز فجر امیر مرکزیہ حاجی عبدالوہاب، بعدازنماز عصر مولانا فہیم احمد اور بعداز نماز مغرب مولانا محمد احمد بہاولپوری بیان فرمائیں گے۔ مولانا طارق جمیل کے بیان کے حوالے سے پروگرام تبدیل کردیا گیا اب ان کا نماز جمعہ کے بعد کی بجائے کل نماز ظہر کے بعد خصوصی بیان ہوگا۔ پنجاب حکومت کے خصوصی اقدامات کے تحت پنڈال کی حدود سے باہر ٹرانسپورٹ کی پارکنگ قائم کی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کے سخت اقدامات کئے ہیں اور محکمہ صحت کے زیراہتمام بیسیوں عارضی ہسپتال بنائے گئے ہیں جبکہ مقامی ٹی ایچ کیو ہسپتال 10 روز کے لئے بند تمام کر دیا گیا ہے اور ڈاکٹرز نرسنگ پیرا میڈیکل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اجتماع کے شرکاء کے لئے عاضی قیام و طعام کے لیئے مطبخ خانے قائم کر دیئے گئے ہیں اور اجتماع کو جانے والے راستوں پر 200سے زائد سٹریٹس لائٹس نصب کی گئی ہیں۔ رائیونڈ میں تبلیغی اجتماع کے وسیع و عریض پنڈال میں اللہ اکبر کی صدائیں بلند ہونا شروع ہو گئیں، پہلے روزشرکاء کی تعداد پانچ لاکھ سے تجاوز کرگئی۔ یوسی رائے ونڈ ویلیج 272جہاں پر تبلیغی اجتماع کا پنڈال ہے، اس کے چیئرمین دائود احمد نے تبلیغی پنڈال کو جانے والی بڑے روہی نالہ کی صفائی کا کام مکمل کرا لیا ہے اور روہی نالہ کی بروقت صفائی کی وجہ سے گندگی اور مچھروں کا خاتمہ ممکن ہو گیا ہے۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی نے پرائیویٹ آپریٹرز کے تعاون سے رائیونڈ میں سالانہ تبلیغی اجتماع میں شرکت کیلئے آنے والے مسافروں کیلئے خصوصی طور پر 25 منی بسیں چلانے کا انتظام کیا ہے۔ خصوصی پلان کے تحت پہلے مرحلے میں 5 نومبر تک مسافروں کے لئے دو مختلف روٹس پر پبلک ٹرانسپورٹ چلائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلہ میں 9 نومبر سے 12 نومبر تک بس سروس چلے گی۔ آپریشنل پلان کے تحت منی بسیں حیدر سائیں دربار جنرل بس سٹینڈ اور ریلوے سٹیشن کے باہر سے رائیونڈ تک چلائی جائیں گی۔