قائداعظمؒ کی اکلوتی صاحبزادی دینا واڈیا نیو یارک میں انتقال کر گئیں
نیویارک/لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں+خصوصی رپورٹر) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی صاحبزادی دینا واڈیا نیویارک میں اپنے گھر میں انتقال کر گئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق دینا واڈیا قائد اعظم محمد علی جناح کی اکلوتی صاحبزادی تھیں۔دینا واڈیا 15اگست 1919ء میں لندن میں پیدا ہوئی تھیں۔ دینا واڈیا نے 98سال عمر پائی۔ ممبئی میں واڈیا گروپ کے ترجمان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے انہوں نے اپنے سوگواراں میں بیٹے نسلی این واڈیا جو واڈیا گروپ کے چیئرمین بھی ہیں اور بیٹی ڈیانا این واڈیا کو چھوڑا ہے۔ ان کے شوہر نویلی واڈیا تھے۔ دینا نویلی واڈیا سے شادی کے بعد ممبئی میں مقیم ہو گئی تھیں اور قیام پاکستان کے بعد بھی پاکستان نہیں آئی تھیں۔ بعد ازاں وہ اپنے خاندان سمیت امریکہ منتقل ہو گئی تھیں اور ایک عرصے سے وہیں مقیم تھیں۔ تاہم 11 ستمبر 1948ء کو اپنے والد کے انتقال کے موقع پر وہ کراچی پہنچی تھیں اور کچھ وقت اپنی پھوپھو محترمہ فاطمہ جناح کے ساتھ گزارنے کے بعد واپس لوٹ گئی تھیں۔ یاد رہے کہ ایک پارسی نوجوان سے پسند کی شادی کرنے کے بعد ان کے اپنے والد سے تعلقات ہمیشہ رسمی رہے۔ دوسری مرتبہ 2004ء میں جب بھارتی کرکٹ ٹیم چودہ سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان آئی تھی تو اس سیریز کے دوران بھارت سے آنے والی شخصیات میں قائداعظم محمد علی جناح کی صاحبزادی دینا واڈیا قابل ذکر تھیں۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے دینا واڈیا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دینا واڈیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی بیٹی دینا واڈیا کے انتقال پر دلی دکھ ہوا اور میری ہمدردیاں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ مصنف اور تاریخ داں سٹینلے ولپرٹ کے مطابق دینا واڈیا 14اور 15اگست کی رات کو 1919ء کو لندن میں پیدا ہوئی تھیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ان کی وفات کی خبر پر ٹوئٹر میںکہا ہے کہ اپنے قائد کی بیٹی کی وفات کی خبر سے انہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوں نے ان کی روح کیلئے دعا بھی کی ہے۔ ٹوئٹر پر بے شمار لوگ تعزیت کا اظہار کر رہے ہیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے دینا واڈیا کے انتقال پر افسوس کا اظہار اور انکے خاندان سے تعزیت کی۔