لاپتہ افراد کیس ،سندھ ہائی کورٹ نے2ایس ایس پیز کو طلب کر لیا
کراچی(وقائع نگار)سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر آئندہ سماعت پر ایس ایس پی ساجد اور ایس ایس پی سینٹرل کو طلب کرلیا۔ ہائیکورٹ کے دورکنی بینچ کے روبرو لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوںکی سماعت ہوئی۔ لاپتا افراد کی عدم بازیابی پر عدالت برہم ہوگئی۔ پولیس نے لاپتا ایم کیو ایم کارکنوں کے کیسز میں اہل خانہ کے عدم تعاون کی شکایت کردی۔ تفتیشی افسراننے کہا کہ بار بار بلانے کے باوجود ایم کیو ایم کارکنوں کے اہل خانہ جے آئی ٹی سے تعاون نہیں کرتے۔ دیگر لاپتا افراد کے اہل خانہ بھی پولیس اور جے آئی ٹی سے تعاون نہیں کرتے۔ ڈی ایس پی بلال کالونی نے بیان دیا کہ کورنگی سے لاپتا ایم کیو ایم الطاف حسین کے اہل خانہ بھی بار بار بلانے پر نہیں آئے۔ عدالت نے ریماکس میں کہا کہ جے آئی ٹی اور ٹاسک فورس بھی لوگوں کو بلا کر خوفزدہ کرتی ہے۔ بیشتر کیسز میں پولیس من گھڑت رپورٹ پیش کردیتی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر جے آئی ٹی سربراہ ایس ایس پی ساجد اور ایس ایس پی سینٹرل کو طلب کرلیا۔