واشنگٹن : پاکستانی نژاد امریکی شہری طلعت رشید کاؤنٹی پولیس کا سربراہ مقرر
واشنگٹن (اے پی پی) امریکی ریاست الی نوائے کی ایک کاؤنٹی میں پاکستانی نژاد امریکی شہری طلعت رشید نے پولیس اینڈ فائر کمشنر کے فرائض سنبھال لئے ہیں۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق عہدے کا چارج سنبھالتے ہی طلعت رشید نے پولیس افسران کو مسلم کمیونٹی سے رابطہ بڑھانے اور ان کی روایات کے احترام کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو کمیونٹی سے قریبی تعلق پیدا کرنا ہوگا تاکہ ان کے بارے میں لوگوں کو بہتر آگہی ملے اور پولیس کا حقیقی تاثر ابھرے کہ یہ دراصل عوام کی خدمت کا ادارہ ہے۔پولیس افسران کے اجلاس میں طلعت رشید نے کہا کہ مسلمانوں کے گھروں میں داخل ہونے سے پہلے دروازے پر دستک دیں اور مساجد میں جوتوں سمیت داخل نہ ہوں تاکہ مسلمان شہریوں میں بھی پولیس سے قریبی تعلق پیدا ہو۔طلعت رشید نے اعتراف کیا کہ انتہاپسندی اور دہشت گردی کے نتیجے میں مسلمانوں میں خوف و ہراس پیدا ہو رہا ہے۔ کسی ممکنہ ردعمل کے پیش نظر انھوں نے اپنے علاقے میں مساجد کی سکیورٹی کے لئے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔انہوں نے کمیونٹی کو مشورہ دیا کہ وہ آگے بڑھ کر معاشرتی امور میں حصہ لیں تاکہ لوگوں کا یہ تاثر غلط ثابت ہو کہ مسلمان دہشت گرد ہیں۔