• news

نوازشریف کو عوامی خدمت کی سزا دی جا رہی ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ نیوز ایجنسیاں) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا نوازشریف کو وزارت عظمیٰ سے تو نکال دیا گیا لیکن عوام کے دلوں سے نہیں۔ نوازشریف نے دن رات محنت کرکے عوام کی خدمت کی ہے، وہ کیوں ملک چھوڑ کر جائینگے۔ دہشتگردی کا خاتمہ کرنے والے لیڈر کو ملک سے بھاگنے کی ضرورت نہیں۔ عمران خان کو خود اپنے پروٹوکول کی وجہ سے یاد نہیں رہتا کہ سکیورٹی اور پروٹوکول میں کیا فرق ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نوازشریف ملک کا اثاثہ ہیں اور انہیں عوام کی خدمت کی سزا مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر دل میں چور ہوتا تو نوازشریف سپریم کورٹ کو خط نہ لکھتے بلکہ انہوں نے تو خود کو خاندان سمیت احتساب کیلئے پیش کردیا۔ وہ تو صرف ووٹ کے تقدس کی خاطر عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں۔ احتساب کی روایت ملک میں شروع ہو چکی ہے، اب اس سے کوئی نہیں بچ سکتا۔ نواز شریف نے اس وقت بھی صبر، تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا جب انہیں سسلئن مافیا کہا گیا اور پاکستان کی حکومت کو سسلئن مافیا کہا گیا، گاڈ فادر کہا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان آرٹس کونسل اسلام آباد میں کلچرل کارواں سی پیک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین میں نہ صرف معاشی بلکہ سماجی و ثقافتی رابطوں کو فروغ دے گا، کلچرل کارواں سی پیک کا مقصد اقتصادی راہداری کے تمام پہلوؤں کو اجاگر کرنا ہے، امن کیلئے کامیاب کوششوں کی بدولت آج ہم ثقافتی ترویج کی بات کرتے ہیں، سی پیک ملکی تاریخ کی سب سے بڑی غیرملکی سرمایہ کاری ہے، امن و امان کی بحالی سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص سامنے آرہا ہے۔پاکستان کی ثقافتی ترویج اور مثبت تشخص کیلئے فلم مؤثر میڈیم ہے،میڈیا قومی ورثے اور ثقافتی اقدار کو زیادہ سے زیادہ اجاگرکرنے میں کردارادا کرے۔ سابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا اپنے دور اقتدار کا حساب دینے کیلئے کوئی بھی تیار نہیں، جس نے ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی کامیاب کوشش کی وہ آج عدالتوں میں پیشیاں بھگت رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ سزاؤں سے نہیں ڈرتے اور پہلے بھی ناکردہ گناہوں کی سزائیں بھگتی ہیں۔ نواز شریف کی پیشی کے موقع پر اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ خان نے کہا کہ نواز شریف سے اس بات کا انتقام لیا جا رہا ہے کہ انہوں نے ملک اور عوام کی خدمت کی۔ جس طریقے سے ہمیں انصاف دیا جارہا ہے اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، کچھ جج بہت ہی شاندار اور بہادری کے ساتھ تاریخی فیصلے کرتے ہیں جبکہ کچھ ججز کی پیشانیوں پر لکھا ہوتا ہے کہ ’’یہ منصف بھی تو قیدی ہیں ہمیں انصاف کیا دیں گے‘‘۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ساتھ یہ سلوک پہلی بار نہیں کیا جا رہا، یہاں جو بھی آئین کی بالادستی کی بات کریگا اور عوام کی حکمرانی کی بات کرے گا، ملک کو آگے لے کر جائیگا، اسے اسکی قیمت ادا کرنا پڑیگی، نوازشریف نے یہ قیمت ایک بار پھر ادا کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میاں نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سعد رفیق کا کہنا تھا نوازشریف کو لوڈشیڈنگ ختم کرنے کی سزا مل رہی ہے۔ نوازشریف ناانصافی کے نظام کا سامنا کر رہے ہیں اور کیا بھی جائیگا۔ عدالتوں سے نااہل کیا گیا، سزائیں بھی دی گئیں۔ اہلیہ کی طبیعت ناساز ہونے کے سبب نوازشریف کو بار بار لندن جانا پڑتا ہے۔ یہ ان کے ساتھ پہلی مرتبہ نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ بیماری تو کسی کو بھی لگ سکتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کسی دشمن کو بھی ایسی بیماری نہ دے۔ پاکستان میں بدقسمتی سے یہ روایت رہی ہے اور یہ دنیا کے باقی ملکوں میں بھی ہے اور ایسا ہوتا ہے جتنا مرضی شور ڈال لیا جائے یا فیصلے دیئے جائیں یا جبر کے ہتھکنڈے استعمال کئے جائیں، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستانی جمہوریت سے عشق کرتے ہیں اور پاکستانیوں کا جمہوریت سے عشق ختم نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن