آصف زرداری اسلام آباد میں ہیں‘ غیراعلانیہ آمد معنی خیز
اسلام آباد (عترت جعفری) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری اسلام آباد میں موجود ہیں۔ تاہم ان کی سیاسی مصروفیات کو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف علی زرداری گزشتہ روز کراچی سے اسلام آباد آئے اور رات گئے تک ان کی اسلام آباد میں مصروفیات کے بارے میں پارٹی کی جانب سے کوئی تفصیل منظر عام پر نہیں لائی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری کی غیراعلانیہ اسلام آباد آمد معنی خیز ہے۔ تاہم ان کے ایک سیاسی حریف سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے گزشتہ روز احتساب عدالت میں پیشی کے بعد الزام عائد کیا کہ آصف علی زرداری کسی کو خوش کرنے کے لئے ہمیں گالی دے رہے ہیں اور جبکہ ان کے موثر سیاسی مخالف عمران خان نے کوٹ ادو میں انہیں نکتہ چینی کا نشانہ بنایا تھا۔ میاں نوازشریف لاہور واپس جا چکے ہیں۔ ذرائع نے کہا ہے کہ پی پی پی یوم تاسیس کے موقع پر اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرنا چاہتی ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب کی قیادت سے مشاورت ہو رہی ہے۔
زرداری/ اسلام آباد