پنجاب حکومت نے 10کمپنیوں کو بند کرنے کی فہرست جاری کر دی
لاہور(کامرس رپورٹر+ صباح نیوز) پنجاب حکومت نے 10کمپنیوں کو بند کرنے کی فہرست جاری کردی ۔ محکمہ خزانہ پنجاب کی جانب سے جاری کی جانے والی فہرست کے مطابق ان 10کمپنیوں میں انرجی کی تین کمپنیاں، ماحولیات بہتر بنانے کیلئے بنائی جانے والی 2کمپنیاں بھی شامل ہیں۔ بند کی جانے والی کمپنیوں میں پنجاب روڈ انفراسٹرکچر کمپنی ،انوائر منٹ مینجمنٹ کمپنی فیصل آباد ، پنجاب کول پاور کمپنی لیمٹڈ، ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ڈویویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی، پنجاب رسورس ایبل انرجی کمپنی لیمٹڈ، قائد اعظم ونڈ پاورکمپنی، پنجاب ورکنگ انڈوومنٹ فنڈ، قائداعظم ہائیڈرل پاور کمپنی، پنجاب کلچراینڈ آئوٹ ریچ کمپنی اور پنجاب انوائرمنٹ اینڈ ایفلیوانڈ ٹریٹمنٹ کمپنی شامل ہیں۔ محکمہ خزانہ پنجا ب کے ذرائع نے بتایا ہے کہ مذکورہ کمپنیاں غیر فعال تھیں اس لئے ان کو کمپنیوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ پنجاب روڈ انفراسٹرکچر کمپنی 24فروری 2002ء کو بنی تھی اس وقت پنجاب میں ق لیگ کی حکومت تھی۔حکومت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کے زیر انتظام کمپنیوں کا آڈٹ باقاعدگی سے کیا جا رہا ہے اور آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے حکومت پنجاب کے کمپنیوں کے آڈٹ سے متعلق موقف کی تائید کی ہے۔ پنجاب حکومت کے زیر انتظام 95 فیصد کمپنیوں کا آڈٹ ہو چکا ہے دیگر کمپنیوں کا آڈٹ جاری ہے۔قومی خزانے کے اخراجات کا آڈٹ آڈیٹر جنرل کی آئینی ذمہ داری ہے جسے پورا کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت کے زیر انتظام کمپنیوں کے آڈیٹر جنرل سے آڈٹ کے متعلق کوئی ابہام نہیں ہے۔