دینی ، مذہبی جماعتوں ، وکلا ، سول سوسائٹی نے ملک بھر میں یوم ختم نبوت منایا ، مظاہرے ، ریلیاں
لاہور (نامہ نگاران) مختلف شہروں میں جماعت اہلسنت کی اپیل پر تحفظ ختم نبوت قانون میں ترمیم کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ اس موقع پر ریلیاں بھی نکالی گئیں اور دھرنے دیئے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے حاضرین سے خطاب کیا کہ آئین میں ختم نبوت کی شق میں ترمیم کی سازش کرنے والوں کو بے نقاب کر کے سزا دی جائے۔ نورپورتھل میں علامہ شیر محمد سیالوی کی قیادت میں ختم نبوت ریلی نکالی گئی جو لاری اڈہ سے شروع ہو کر کشمیر چوک تک گئی جہاں علامہ شیر محمد سیالوی، پروفیسر عبدالطیف اور دیگر معززین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عاشقان مصطفی عقیدہِ ختم نبوت کے تحفظ کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ سمبڑیال میں لاری اڈہ پر تنظیمات اہلسنت سمبڑیال کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے قاری منیر احمد ،علامہ مفتی غلام مصطفی شیرازی ، پیر محمد اجمل طیبی،نعیم حجازی،چوہدری مظہر حسین گھمن،محمد افضل انصاری،نذرمحی الدین،قاری سرفراز کیانی سمیت دیگر نے کہا کہ جو لوگ آئین پاکستان میں بالخصوص ختم نبوت اور ناموس رسالت کے قانون میں ترمیم کر کے قادیانیوں کی راہ کوہموار کررہے ہیں ان کو بے نقاب کر کے ان سے استعفیٰ لے کر آئین پاکستان کے تحت سزادی جائے اوراسلام آباد میں دھرنے میں شامل کنز العلماء ڈاکٹر محمد ارشد جلالی کے 6مطالبات کو فی الفور منظور کیا جائے اگر ان مطالبات کو نہ مانا گیا تو 6اکتوبر کی ریلی حکومت کادھرن تختہ کردے گی۔ پنجاب پولیس میں اعلیٰ عہدے پر متعصب قادیانی آفیسر کی تعیناتی قابل تشویش ہے ، فوری ہٹایا جائے ، یہ بات پاکستان علماء کونسل اور اس کی حلیف جماعتوں پاکستان شریعت کونسل ، متحدہ علماء اسلام ، انٹرنیشنل متحدہ علماء کونسل ، جمعیت علماء اسلام ، ختم نبوت فورم ، ختم نبوت یوتھ فورس کے زیر اہتمام ملک بھر میں یوم تحفظ ختم نبوت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی ۔پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جامع مسجد مصطفی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف قانون سازی میں عقیدہ ختم نبوت کے ساتھ کھیلنے والے کرداروں کو بے نقاب کریں ، انہوں نے کہا کہ ایک سازش کے تحت قادیانیت کے افکار اور نظریات کو مسلط کیا جا رہا ہے ، حکومت قادیانیت نوازی کرنے والے وزراء اور ذمہ داران کو بے نقاب کرے ، عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ حکومت سمیت ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ ختم نبوت/ مظاہرے