• news

اللہ کا پیغام دنیا تک پہنچانا امت کی ذمہ داری ‘ ظالموں کو روکتے رہو: مولانا اسماعیل کا خطاب

رائیونڈ (نامہ نگار) اللہ تعالیٰ نے دعوت و تبلیغ کا پیغام نبی اکرمؐ کے ذریعے پوری امت تک پہنچایا، یہ پیغام تمام زمانوں کیلئے تھا، اس پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا اب امت محمدیؐ کی اولین ذمہ داری ہے، اس پیغام کو مان کر اللہ کو راضی کرکے جنت حاصل کرلیں یا نہ مان کر اللہ کی ناراضی کے نتیجہ میں ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جہنم خرید لیں، یہ صرف ہم پر منحصر ہے، اور یہ اجتماع اس پیغام کو سمجھنے اور سمجھانے کی تربیت گاہ ہے، یہاں کسی کا کوئی فرقہ نہیں، کوئی تنقید نہیں کی جاتی، صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کی بات کی جاتی ہے کہ یہ دنیا موت کی تیاری کی جگہ ہے، انسان جو کچھ بھی کرے صرف یہ سوچ ذہن میں رکھ لے کہ وہ آخرت کی تیاری کررہا ہے تو انسان کے سارے مسائل اللہ خود بخود ہی ختم کردے گا۔ سالانہ عالمی تبلیغی اجتماع کے پہلے مر حلے کے دوسرے روز پنڈال میں 5لاکھ کے قریب فرزندان اسلام کو مولانا محمد اسماعیل نے اپنے بیان میں کہا کہ حضور اقدسﷺ نے قسم کھا کر فرمایا کہ تم امر بالمعروف اور نہی عن المنکر کرتے رہو، قبر میں جب منکر نکیر سوال کریں گے تو کیا جواب دے گا، تبلیغی مرکز میں منکر نکیر کے سوالوں کا جواب دینے کی تعلیم پر ہی سارا دارومدار ہے، یہ دنیا فانی ہے اور یہ چند دنوں کی ہے آخرت کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے، ظالموں کو ظلم سے روکتے رہو اور حق بات کی طرف کھینچ کر لاتے رہو، تمہارے قلوب بھی اسی طرح غلط کردیئے جائیں گے جس طرح ان ظالموں کے کردیئے گئے ہیں، تم بہترین امت ہو، لوگوں کے نفع رسانی کے لیے نکالے گئے ہو، تم لوگ نیک کام کا حکم کرتے رہو اور برے کاموں سے روکتے رہو اور اللہ تعالی پر ایمان رکھتے رہو، تبلیغی مرکز دنیا بھر میں سب سے بڑی دین سیکھنے اور سکھانے کی درسگاہ ہے، مسلمان بھائیو زندگی فانی ہے، اس پر ایک سیکنڈ کا بھی بھروسہ نہیں ہے، دین سیکھنے میں پہل کرنے والوںکے لیے اللہ تعالیٰ نے جنت کی بشارت دی ہے، شہر، قصبوں، گاؤں گاؤں اور گلی، محلوں میں پھیل جاؤ اور چھوٹوں سے لے کر بڑوں تک دین سیکھنے اور سکھانے کی دعوت دے کر انکو دین پھیلانے سیکھانے کے عمل میں شامل کرکے اللہ تعالیٰ کے دربار میں بلندی کے مراتب حاصل کرنے والے بن جائو۔ پولیس سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہے، آنے جانے والوں کی چیکنگ کیلئے واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں، غلط پارکنگ کرنے والی گاڑیوں کو لفٹر اٹھاتے رہے۔ آج ہفتہ کو نماز ظہر کے بعد مولانا طارق جمیل کا خصوصی بیان ہوگا۔

ای پیپر-دی نیشن