56 کمپنیوں کا ریکارڈ محفوظ بنانے کی درخواست، ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت سے جواب مانگ لیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کی 56کمپنیوں کا ریکارڈ آتشزدگی سے محفوظ بنانے اور دیگر حفاظتی اقدامات کرنے کے لئے دائر درخواست پر حکومت پنجاب سے 6 نومبر کو جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی۔ درخواست گزار نے کہا کہ پنجاب حکومت کی 56کمپنیوں میں 80ارب روپے کی کرپشن کر کے قومی خزانے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کا ماضی منصوبوں کے ریکارڈ کو محفوظ کرنے کے حوالے سے تسلی بخش نہیں۔ میگا منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات کے دوران آتشزدگی کے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ میٹرو بس کے منصوبے کا ریکارڈ ایل ڈی اے بلڈنگ میں آتشزدگی سے جل گیا جبکہ بے گناہ شہری بھی جل کر خاکستر ہوگئے۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت کیس کی سماعت کے دوران ریکارڈ کو محفوظ بنانے کے اقدامات کا حکم دے جبکہ کمپنیوں کاریکارڈ محفوظ بنانے کے لیے اس ریکارڈ کو نیب یا آڈیٹر جنرل کے حوالے کرنے کے احکامات صادر کئے جائیں۔