• news

چاروں اطراف مغربی کلچر نظر آتا ہے‘ مسلمانو! دین سیکھو اور دوسروں کو سکھائو: رائیونڈ میں اجتماعی دعا آج ہو گی

رائیونڈ (نامہ نگار) سالانہ 67واں عالمی تبلیغی اجتماع کے تیسرے روز فرزندان اسلام کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا جوشخص اتباع سنت سے جس قدر دور ہو وہ قرب الٰہی سے بھی دور ہے، مفسرین نے تحریر کیا ہے کہ جو شخص اللہ تعالیٰ سے محبت کا دعویدار ہے اور سنت رسولﷺ کی مخالفت کرے وہ جھوٹا ہے، دین سیکھواور دوسروں کو سکھاؤ، زبان سے کلمہ پڑھ لینا کافی نہیں، اللہ تعالیٰ کو اسکی صفات کے مطابق ماننے میں ہے، اللہ کے سوا ہر مخلوق کا تاثر دل سے نکال دینا، اپنے اندر ایمانی نظریہ پید ا کرنا ہے، مرنے تک ہر انسان اللہ تعالیٰ کا محتاج ہے، تبلیغی مرکز اور اس عظیم الشان اجتماع کا مقصد مسلمانوں میں شمع رسالتؐ اور دین خداوندی سے روشناس کرانا، مسلمانوں کو برائی سے ہٹاکر نجات کے راستہ پر ڈالنا، یہ زندگی چند دنوں کی ہے اور موت کے بعد کی زندگی ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے، اگلی زندگی نیک اعمال سے بنتی ہے لیکن دنیا اعمال کے بجائے مال بنانے میں لگی ہوئی ہے، مال و دولت عالی شان محلات یہ کوٹھیاں چوبارے یہاںہی رہ جانے ہیں، ہر انسان نے دنیا سے خالی ہاتھ ہی جانا ہے، دنیا کی خواہشات کو چھوڑ کر اللہ تعالیٰ کے دین کی ترویج اور حضرت محمدﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلو اور دوسروں کو دعوت دو، پنڈال میں اکٹھے ہونے کا نام تبلیغ نہیں دعوت کو آگے بڑھاؤ گلی محلوں دیہاتوں شہروں میںنکل کر اس نیک عمل کو اپنا کر دوسروں کو دعوت دینے کانام تبلیغ ہے، آخری نبیﷺ کے طریقہ کے مطابق زندگی نہیں گزار رہے تو قصور قسمت کا نہیں بلکہ ہماری غلطیوں کا نتیجہ ہے، آج مسلمان اپنے چاروں طرف نظر دوڑائے تو چاروں طرف مغربی کلچر کا فرو غ اورتہذیب ہی نظر آئے گی، اس لیے مسلمانو! اپنے گھروں میں سب سے پہلے دعوت دین دو اور اپنے بچوں کو نماز روزے کا پابند بناؤ اور لڑکیوں اور خواتین کو پردے کا پابند بناؤ اور پھر دوسروں کو تلقین کرو تاکہ آپکے اپنے اعمال بھی نیک اور دوسروں کے لیے مثال ہوں، دعوت تبلیغ امر بالمعروف و نہی عن المنکر اسلام کی وسعت اور ہم سب کی کامیابی کا انحصار ہے، مسلمانوں کو دنیا کے ہر کونے کونے پھیل کر دعوت تبلیغ کی محنت کرنا ہوگی اور جنت آپکی طلب گا ر ہوگی ورنہ دنیا میں بھٹکتے رہوگے اور آخرت میں ذلیل و رسوا ہونگے، نیک اعمال کی کمائی دولت ہی کام آنے والی ہے مرنے کے بعد یہ آپ کے ساتھ جائے گی دین سیکھواور دوسروں کو سکھاؤ زبان سے کلمہ پڑھ لینا کافی نہیں اللہ تعالی کو اسکی صفات کے مطابق ماننے میں ہے۔ آسمان و زمین کے درمیان تمام چیزیں مخلوق میں دنیا و آخرت میں کامیابی کے لیے دین اسلام پر عمل کرنا اور مشکلات کا حل ہے۔ مقررین نے کہا دعوت و تبلیغ کے عظیم کام کیلئے اپنی جان ،مال اور وقت لگانے والے اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ لوگ ہیں ، بھٹکی ہوئی انسانیت کو اللہ کے نازل کردہ احکامات اور حضرت محمد رسول اللہﷺ کے طریقوں کے مطابق زندگی گزارنے کی تبلیغ کرنا بہت بڑا کام ہے، خوش نصیب ہیں وہ لوگ جن کو اللہ تعالیٰ نے اپنے راستے کیلئے قبول کر لیا، کائنات کے ہر انسان تک قرآن وسنت کا پیغام پہنچانا امت مسلمہ کی ذمہ داری میں شامل ہے، اپنی ذمہ داریوں سے اجتناب کرنے والے اللہ تعالیٰ کے حضور جوابدہ ہوں گے ، دین الٰہی سے روگردانی کے سبب دنیا بھر میں بسنے والے مسلما ن پستیوں میں گر چکے ہیں، مسلمان اللہ تعالیٰ پر انحصار کرنے اور سنت نبویؐ کے مطابق اپنے دینی اور دنیاوی معاملات ڈھالنے کی بجائے اغیار کے نقش قدم پر چل کر اور مادہ پرست سوچ کو اپنا کر دنیا کی ترقی دیکھتے ہیں، جب انسانیت خصوصاً مسلمان اللہ کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہوکر بداعتمادی پیدا کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کا نزول بھی رک جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ انکی رسی کو بھی ڈھیلا چھوڑ دیتے ہیں تاکہ اس کو سمجھ آجائے۔ انہوں نے کہا اللہ تعالیٰ نے دنیا اور آخرت کی کامیابیاںدین اسلام میں رکھی ہیں، اُمہ اپنے دین کا مطالعہ کرے اور اپنے آپ کو دینی ماحول میں لے کر آئیں اللہ تعالیٰ اس عمل سے خوش ہوکر انکے لئے رحمتوں اور برکتوں کی بارشیں نازل کردے گا ، انہوں نے کہا کہ کائنات ارضی پر بسنے والے ہر انسان تک اللہ کی طرف سے نازل شدہ آخری پیغام پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے جس کا بیڑا تبلیغی جماعت نے اٹھایا ہے اور الحمداللہ تبلیغی جماعت کی جماعتیں پوری دنیا میں بلاتفریق رنگ و نسل اور عقائد انسانوں کی بھلائی کیلئے محنت کررہی ہے اور اس میں اللہ تعالیٰ کی نصرت اور رحمت شامل حال ہے جس کی بناء پر تبلیغ کاکام بڑی خوش اسلوبی سے چل رہا ہے، آج کے اجتماع میں ہزاروں لوگوں نے اپنی زندگیاں اللہ کے دین کی خاطر وقف کیں۔ مولانا طارق جمیل نے نماز ظہر کے بعد خطاب کیا۔ شرکاء کی تعداد مزید بڑھ گئی۔ آج اتوار اجتماعی دعا تقریباً 9 سے دس بجے کے درمیان ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن