سموگ جاری‘ حادثات میں مزید 13 افراد جاں بحق‘ 77 زخمی: بند پاور سٹیشن بحال
لاہور (خصوصی رپورٹر+ ایجنسیاں+ نامہ نگاران) پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقے بدستور سموگ کی لپیٹ میں ہیں جبکہ ٹریفک حادثات میں مزید 13 افراد جاں بحق اور 77 زخمی ہو گئے ہیں۔ خصوصی رپورٹر کے مطابق گردآلود سموگ اور دھند سے صورتحال خاصی کشیدہ ہو گئی ہے۔ اندرون ملک میں رابطے کی سڑکیں اور شاہراہیں جن میں موٹروے اور جی ٹی روڈ شامل ہیں، ان پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ قومی شاہراہوں پر دھند کی وجہ سے حدِ نگاہ میں کمی واقع ہوئی ہے۔ لاہور سے پتوکی تک صفر سے 50 میٹر تک حدِ نگاہ رہی جبکہ ساہیوال سے خانیوال، ملتان اور بہاولپور تک حدنگاہ صفر سے 10 میٹر تک ہو گئی جبکہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد 40 سے 80 میٹر تک حدِ نگاہ رہی۔ موٹروے حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے وہ غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ صباح نیوز کے مطابق چین اور بھارت کے دارالحکومتوں میں بھی سموگ سے عوام کی پریشانی بڑھ رہی ہے۔ آنکھوں میں جلن، گلے میں خرابی کی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔ نئی دلی میں دیوالی کے بعد بڑھنے والی آلودہ دھند میں اب تک کمی نہیں ہوئی۔ سردی اور فضا میں نمی کے اضافے کے ساتھ ہی آلودہ دھند کی لہرشدت اختیار کرگئی ہے۔ بیجنگ میں اس سیزن کا پہلا اورنج الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ اگلے چار روز کیلئے شدید آلودہ دھند کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں۔ چین کے شمالی حصے میں سردی سے بچنے کیلئے کوئلے کا استعمال بڑھنے سے آلودہ دھند یعنی سموگ شدت اختیار کر گئی ہے۔ موٹر وے ایم 3 کو پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک اور موٹروے ایم 2 کو پنڈی بھٹیاں، سیال موڑ سے لاہور تک کے لیے بڑی گاڑیوں کے لیے بند کر دیا گیا۔ سرگودھا کے قریب 8 گاڑیاں ٹکراگئیں۔ حادثے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔سموگ کی وجہ سے ٹرینوں اورائرپورٹس پر پروازوں کی آمدورفت میں تاخیر اور منسوخی کا عمل بھی جاری ہے۔ دھند اور سموگ کے سبب پی آئی اے نے 5پروازیں منسوخ کردیں جبکہ کئی پروازوں کا شیڈول تبدیل کردیا گیا۔ کراچی سے ملتان، ملتان سے مدینہ اور مدینہ سے ملتان، کراچی سے فیصل آباد، فیصل آباد سے جدہ اور جدہ سے فیصل آباد کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ایک ہفتے تک صوبہ بھر میں بارش کے کوئی امکانات نظر نہیں آ رہے جبکہ رواں ماہ کے دوسرے ہفتے بارش کا امکان ہے۔ کراچی کے بھی بعض علاقوں میں ہلکی دھندہے، بلوچستان میں حب اور گردونواح میں شدید دھند سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ اے این این کے مطابق وزارت توانائی کے پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بند پاور سٹیشن بحال کرلئے گئے ہیں جس کے بعد ملک میں بجلی کی صورتحال معمول پر آگئی ہے۔ پاور ڈویژن کے نئے اعلامیے میں کہا گیا ملک بھر میں بجلی کی فراہمی کی صورتحال معمول پرآچکی اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔ پاور ڈویژن کا کہنا تھا بجلی کی کل طلب 12ہزار میگاواٹ ہے اور تقسیم کار کمپنیاں 10 ہزار میگاواٹ بجلی لے رہی ہیں۔ پاور ڈویژن کے مطابق سموگ سے ٹرانسمیشن لائنز کی ٹرپنگ جیسے واقعات سے نمٹنے کیلئے پٹرولنگ بڑھا دی گئی ہے جبکہ ملتان اور بہاولپور میں سموگ سے بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائنز کی نگرانی جاری ہے۔ ڈائریکٹر آپریشن لیسکو محمد علی نے کہا وزارت پانی و بجلی کی طرف سے لیسکو کا کوٹہ بڑھادیا گیا ہے جس کے بعد سسٹم میں 1632 میگاواٹ بجلی دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایا بند پاور پلانٹ چلانے سے طلب ورسد کافرق ختم ہوگیا ہے اور لیسکوکی حدود میں لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے۔ دوسری جانب سندھ میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔ حیسکو چیف نے کہا اور پلانٹ بند ہونے سے 10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کردی گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق ترجمان پاکستان اٹامک انرجی کمشن شاہد ریاض خان نے ایٹمی بجلی گھروں کی سموگ کی وجہ سے بندش کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے ایٹمی بجلی گھر پر سموگ کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔ چشمہ ون اس وقت اپنی پوری استعداد پر کام کررہا ہے۔ بجلی کی طلب میں اضافہ کی وجہ سے چشمہ ٹو اور تھری ٹرپ کرگئے۔ کل تک دونوں پلانٹس اپنی پوری استعداد پر کام کریں گے۔ چشمہ ون اس وقت 300 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کررہا ہے۔ چشمہ فور ضروری مرمت کے لیے بند ہے جو جلد کام شروع کردے گا۔ تحریک انصاف نے سموگ کم ہونے تک سکولوں میں چھٹیوں کے مطالبے پر مبنی قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی۔ رینا لہ خورد سے نما ئند ہ خصوصی کے مطابق شدید دھند اور سموگ کی وجہ سے چک نمبر 14ون اے ایل کے قریب تیز رفتا ر ٹرک نے مو ٹر سائیکل سوار شیر فروش کو کچل ڈالا جو مو قع پر جا ں بحق ہو گیا جبکہ رینالہ سے بس نجی فیکٹر ی کے ملا زمین کو لیکر پھو لنگر جا رہی تھی مزدا نے اسے ٹکر مار دی۔ مختلف حادثات میں 5طلبا سمیت15افراد زخمی ہو گئے۔ نامہ نگار کے مطابق منڈی شاہ جیونہ میں تیسرے دن بھی شدید سموگ کا راج رہا۔ شہریوں میں گلے اور آنکھوں کی بیماریاں پیدا ہونے لگیں جبکہ بجلی کی مسلسل پانچ پانچ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی وجہ سے طلباء و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ این این آئی کے مطابق پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سموگ سے سکولوں میں حاضری کم رہی اور والدین نے بھی سکولوں میں تعطیلات کا مطالبہ کیا ہے۔ نامہ نگاران کے مطابق دھند اور سموگ سے کمالیہ میں کار، موٹر سائیکل میں تصادم سے چک 552 گ ب کا رہائشی محمد آصف جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد روڈ پر اڈہ فتح آباد کے قریب تیزرفتار بس الٹ گئی جس سے ایک شخص جاں بحق، 14 زخمی ہو گئے۔ موڑ مکنڈی سرگودھا روڈ پر ڈمپر اور ٹرالہ میں تصادم سے شورکوت کا ڈرائیور محمد اقبال جاں بحق اور کنڈکٹر زخمی ہو گیا۔ لیہ سے لاہور جانے والی بس اڈا نواں لاہور کے قریب الٹ گئی جس سے ڈرائیور محمد افضل جاں بحق ہو گیا جبکہ 5 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ گگو منڈی میں اڈا مانا موڑ کے قریب ٹرک اور ویگن میں ٹکر سے خاتون کوثر بی بی جاں بحق جبکہ محمد حسن، امانت علی، محمد اسلم زخمی ہو گئے۔ پسرور گوجرانوالہ روڈ پر موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرا گئی جس سے امانت جاں بحق، اسکی اہلیہ بشریٰ زخمی ہو گئی۔ اختر آباد میں نواحی گائو ں جیٹھ پور کے رہائشی محمد امین اور تنویر موٹر سائیکل پردیپالپور روڈ پرجارہے تھے کہ سموگ کے باعث نامعلوم وہیکل ڈرائیور کی ٹکر سے محمد امین موقع پرہی جاںبحق ہوگیا جبکہ تنویر شدید زخمی تھا اسی دوران پیچھے سے گائوں ڈولہ مستقیم کا بدقسمت نوجوان بابر آیاجس نے انہیںگرا دیکھ کر انکی مدد کرناچاہی مگر سڑک سے گزرنے والے نامعلوم لوڈرنے اسے بھی سموگ کے باعث کچل ڈالا جس سے وہ بھی موقع پرہی دم توڑ گیا۔ اس طرح سموک نے دوافراد کو نگل لیا۔ واقعہ پرعلاقہ کی فضا سوگوار ہوگئی۔ ساہیوال لاہور روڈ پر قادر آباد کے قریب دھند اور سموگ کے دوران یوٹرن پر دو موٹر سا ئیکلوں کی ٹکر میں چک 12-54ایل کا طالب علم کاشف سرور جاں بحق جبکہ اسی چک کا محمد توفیق اور چک 4-54آر کا لیاقت علی، اسکی بیوی ریاض بی بی اور بیٹا مظہر فرید شدید زخمی ہو گئے۔ کمسن مظہر فرید کی حالت نازک ہے۔ نور شاہ ساہیوال روڈ پر رتی ٹبی کے قریب دھند کے سبب ایک موٹر سائیکل رکشہ الٹ جانے کے نتیجہ میں 5 افراد چک 6-85آر کا سعد 12سالہ کوٹ خادم علی شاہ کا مظہر فرید 18سالہ علی ٹائون کا نوازشریف 25سالہ چک 5-78ایل کا نذر حسین 20سالہ چک 6-93آر کا حاکم 17سالہ اور اسکی بہن کلثوم 14سالہ شدید زخمی ہو گئے۔ اسی جگہ پردھند کے دوران دو موٹر سائیکلوں کی ٹکر میں رتی ٹبی کی 26سالہ روزینہ اور 6سالہ بچی لبنیٰ چک 5-49 ایل کا 60 سالہ فضل محمد چک 9-165ایل کا منیر احمد شدید زخمی ہو گئے۔ چیچہ وطنی روڈ پر خان داچک کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں تصادم سے محمد آصف ایک شخص جاں بحق دو شدید زخمی ہو گئے۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جھنڈو چوک پتوکی میں دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکرانے سے حیدر علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ کوٹ رادھاکیشن روڈ ننس کا تکیہ کے قریب موٹر سائیکل سوار علی حسن دھند کے باعث آگے جانے والے ٹریکٹر ٹرالہ سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا۔ منڈی فیض آباد بھچو کی روڈ پر تین موٹر سائیکل رکشے آپس میں ٹکرا گئے جس کے باعث ایک شخص سرفراز احمد موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ کمیر سے نامہ نگار کے مطابق سموگ اور فوگ نے ٹرینوں کی آمدورفت کا نظام درہم برہم کردیا کوئی بھی ٹرین وقت مقررہ پر نہیں پہنچ رہیں ٹرینوں کی آمد میں 3 سے 6 گھنٹے کی تاخیر ہو رہی ہے۔ مسافر ٹرینیں بزنس ایکسپریس،کراچی ایکسپریس، تیزگام، جعفر ایکسپریس، علامہ اقبال ایکسپریس، عوام ایکسپریس، خبیر میل اور مال گاڑیاں تاخیر کا شکار ہیں۔ پتوکی کے قریب مقامی صحافی رانا حسن طارق کے بہنوئی رانا اللہ یار ائرپورٹ سے ملتان جا رہے تھے گاڑی اور بس میں تصادم ہو گیا جس کے نتیجہ میں رانا اللہ یار انتقال کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ دربار بابا فریدؒ پر ادا کی گئی جس میں حسن عباس بخاری، نسیم عسکری ، عرب بیاری شہر کے صحافیوں اور سماجی شخصیات کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ لاہور میں پی پی پاک دامن کے مزار پر حاضری دیکر واپسی جانے والے زائرین کی بس چنیوٹ لاہور روڈ بائی پاس کے قریب بس الٹ گئی جس سے 1600 افراد زخمی ہو گئے جن میں سولہ سالہ نصرت پچاس سالہ نثار پچاس سالہ ساجد کو چھتیس سالہ اقبال پندرہ سالہ سہیل چھبیس سالہ الیاس بیس سالہ شہباز پچاس سالہ فرت بی بی سولہ سالہ صائمہ بی بی بیس سالہ ماریہ بی بی سولہ سالہ رباب پچیس سالہ ثناء روشنائی بی بی صائمہ بی بی سمیرا بطول اور نجمہ شامل ہیں چیچہ وطنی اور گردونواح میں کئی کئی گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ سے نظام زندگی معطل ہو کر رہ گیا شہری علاقہ میں بجلی کی بندش کا دورانیہ گزشتہ چند روز سے آٹھ سے دس گھنٹوں پر محیط ہو گیا ہے جبکہ مضافاتی بستیوں اور دیہات میں بعض مقامات پر 12 گھنٹے سے بھی زیادہ لوڈ شیڈنگ کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ پاکپتن اور گردونواح میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے بچے بوڑھے جوان بلبلا اٹھے آنکھ مچولی سے الیکٹرانک اشیاء جلنے لگیں۔ بجلی کی بندش سے شام اور رات کے اوقات خواتین کو کھانا پکانے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بازاروں میں اندھیرا اور سنانا چھایا رہا ۔ وہاڑی میں بھی غیر اعلانیہ ہونے والی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ تھم نہ سکا کئی گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کے بعد گھنٹہ بھی بجلی میسر نہیں شہری اذیت میں مبتلا دفاتر جانے والے لوگ سکولوں میں جانے والے بچے اور مساجد میں پانی نایاب ہو گیا شہریوں عاشق حسین غلام قادر تجاوت علی صغیر احمد شوکت علی محمد لیاقت ندیم آصف علی محمد وقاص جوئیہ ناظم مغل اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا حکومت چار سال سے زائد مدت پوری کر چکی مگر لوڈ شیڈنگ کو ختم کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے۔ سرگودھا اور گردونواح میں بجلی کی طویل بندش کے باعث لوگوں کے یو پی ایس جواب دے گئے ہر آدھے گھنٹے کے بعد تین سے چار گھنٹے کیلئے بجلی بند کی جارہی ہے جس سے شہریوں کو نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ لوگوں کے کاروبار زندگی متاثر ہوکر رہ گئے ہیں ذرائع کے مطابق متعدد گرڈ سٹیشن سے بجلی کی سپلائی معطل ہونے غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے بجلی کی طویل بندش اور گیس کے پریشر کم ہونے کی وجہ سے دونوں محکموں کے حکام نے عوامی رد عمل کے پیش نظر متعلقہ اضلاع سے اپنے دفاتر اور تنصیبات کی حفاظت کیلئے سکیورٹی مانگ لی ہے تاکہ عوامی رد عمل سے بچنے میں مدد مل سکے۔ جبکہ عملہ شکایات پر جواب دینے کی بجائے فون کا ریسور سائیڈ پر رکھ دیتا ہے ۔چنیوٹ اور گردونواح میں گزشتہ تین روز سے سموگ کا راج ہے اور شہری مختلف امراض میں مبتلا ہونے لگے جبکہ مختلف حادثات میں سات افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق تمام حادثات دھند اور سموگ کی وجہ سے ہوئے جن میں موٹرسائیکل اور کار کا تصادت و دیگر شامل ہیں۔ جبکہ شہر و گردونواح میں بجلی کی بد ترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور گیس کی قلت سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئی سینکڑوں فرنیچر کی ورکشاپیں اور دیگر انڈسٹری بند ہونے سے ہزاروں غریب مزدور بے روز گار ہو گئے جبکہ سردی کا آغاز ہوتے ہی گھریلو صارفین کو گیس نہ ملنے سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے فوری طور پر غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈ نگ کا خاتمہ کیا جائے اور گھریلو گیس کی فراہمی یقینی بنایا جائے شور کوٹ اور گردونواح میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ عروج پر ہے جس سے کاروباری زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے بجلی تھوڑی دیر کے لئے آتی ہے اور کئی کئی گھنٹے غائب رہتی ہے ۔ کمالیہ شہر اور گردونواح میں لوڈ شیڈنگ میں شدید اضافہ ہو گیا ہر گھنٹے کے بعد تین گھنٹے کی بجلی بند رہنے تھی۔ گھروں اور مساجد میں پانی کی قلت پیدا ہونا شروع ہو چکی ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے اس طویل لوڈ شیڈنگ کو فوری بند کیا جائے گردونواح میں گزشتہ دو روز سے دھند چھائی ہوئی ہے جس کی وجہ سے کاروبار زندگی متاثر ہو رہا ہے اور سردی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے دھند کے باعث مختلف ٹریفک حادثات میں متعدد افراد زخمی ہو چکے ہیں چک نمبر 391 ج ب (کینھتیاں) کے قریب دور رکشاؤں کے مابین تصادم کے نتیجہ میں تصور حسین اختر بی بی سعیدی بی بی زخمی ہو گئے۔
اسلام آباد (جاوید صدیق) توانائی کے وفاقی وزیر اویس لغاری نے کہا ہے گزشتہ رات کا بجلی کا بحران اب ختم ہوگیا ہے۔ ہم نے ایمرجنسی طور پر فرنس آئل سے چلنے والے پلانٹس بھی چالو کر دیئے ہیں تاکہ بجلی کا کمی پوری کی جا سکے۔ ہم نے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار بندکر دی تھی کیونکہ فرنس آئل سے چلنے والی بجلی بہت مہنگی تھی۔ ہفتہ کی رات نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے سسٹم میں بجلی کی کافی مقدار ہے۔ اس لئے ہم نے عوام کو ریلیف دینے کے لئے مہنگی بجلی کی پیداوار روک دی تھی۔ جو اب دوبارہ شروع کرائی گئی ہے۔ ہمارا گیس ٹرمینل بھی ٹرپ کر گیا تھا جس کی وجہ سے 1200 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کم ہوگئی تھی۔ اس کے علاوہ نیوکلیئر پاور پلانٹ بھی ٹرپ کرگیا تھا جس سے بحران پیدا ہوا۔ نیوکلیئر پلانٹ بھی اب اپنی پیداوار دینا شروع کر دے گا۔ وزیر توانائی سے استفسار کیا گیا کیا بجلی کی ٹرانسمیشن میں کوئی انتظامی خرابی ہے انہوں نے کہا ساری خرابی بھی ٹرانسمیشن کے نظام میں ہے۔ پاکستان میں بھی اب بجلی کی پیداوار بہت بہتر ہوگئی ہے۔ ٹرانسمیشن کے نظام میں بدانتظامی عروج پر ہے۔ اس نظام کی خرابی کی وجہ سے اوور بلنگ ہو رہی ہے۔ اگلے ہفتے قومی اسمبلی سے قانون پاس ہو جائے گا جس کے تحت اوور بلنگ کرنے والے کو تین سال قید کی سزا دی جا سکے گی۔ اوور بلنگ نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔ دس ہزار روپے ماہانہ آمدنی والے شخص کو اس کی آمدنی سے زیادہ بجلی کا بل تھما دیا جائے گا تو اس کی حالت قابل رحم نہیں ہوگی تو کیا ہوگا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا نئے قانون کے پاس ہونے سے ایس ڈی اووز کو احساس ہوگا اوور بلنگ پر انہیں سزا ملے گی اس لئے وہ اوور بلنگ سے گریز کریں گے۔ توانائی کی وزارت کے مسائل کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں ایک کریش پروگرام کے تحت توانائی کی وزارت کے طریقہ کار اور اس کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ اگلے سال تک ہمارے نظام میں مزید بجلی آ جائے گی لیکن اس کی تقسیم ڈسٹری بیوشن کے نظام کو درست کرنا بہت ضروری ہے۔