شفافیت‘ خدمت کی سیاست نے ہمیشہ جھوٹ‘ بہتان تراشی کو شکست دی: شہباز شریف
لاہور، لندن (خصوصی رپورٹر+ عارف چودھری) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبے شفافیت کے ساتھ رفتار اور اعلیٰ معیار میں اپنی مثال آپ ہیں اور ہماری حکومت نے منصوبوں میں نہ صرف اربوں روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں بلکہ وسائل کو امانت سمجھ کر عوام کی فلاح پر خرچ کیا ہے۔ فلاح عامہ کے ہمارے منصوبے وسائل عوام پر خرچ کرنے کی شاندار مثالیں ہیں‘ وہ لندن میںاوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم محنت ، خدمت ، دیانت اور شفافیت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور سوا چار برس کے دوران خلوص نیت کے ساتھ کی گئی محنت رنگ لا رہی ہے۔70 برس کی غلطیوں کی تلافی محنت اور عزم کے ساتھ کی جا رہی ہے اور گزشتہ سوار چار برس کے دوران مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔پہلے کی طرح آئندہ بھی عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ پاکستان میں کرپشن میں کمی اور شفافیت میں اضافہ موجودہ حکومت کا کریڈٹ ہے اور بین الاقوامی اداروں نے بھی حکومت کی شفافیت کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔عوام صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کھوکھلے نعروں نہیں بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ عام آدمی کی فلاح و بہبود اور معیار زندگی بلند کرنے کیلئے ٹھوس پروگرامز پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور میں عوام کی فلاح و بہبود کے ہر منصوبے پر پیش رفت کی ذاتی طو رپر نگرانی کر رہا ہوں اور تھرڈ پارٹی آڈٹ سسٹم کے ذریعے منصوبوں میں شفافیت اور اعلیٰ معیار یقینی بنایا گیا ہے۔ہر سانس عوام کی خدمت کیلئے وقف ہے اور ہمارا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھ رہا ہے۔ عوامی خدمت کے سفر کو رکاوٹوں کے باوجود تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔ حکومت اور حصول اقتدار سیاستدان کی منزل نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ ہوتا ہے۔ موجودہ حکومت کے منصوبے ملک کی تاریخ کے شفاف ترین منصوبے ہیں ۔ فلاح عامہ کے منصوبوں کے مخالفین نہیں چاہتے کہ عوام خوشحال ہوںاور ملک ترقی کرے۔ مفاد عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں ۔عام آدمی کی فلاح و بہبود کے منصوبوں میں رکاوٹیں کھڑی کرنیوالوں کو محرومیوں کا خاتمہ برداشت نہیں۔سیاسی مخالفین کو ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ہضم نہیں ہو رہی ۔ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے آج کس منہ سے کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں۔ شفافیت اور خدمت کی سیاست نے ہر موقع پر بہتان طرازی اورجھوٹ کی سیاست کو شکست دی ہے۔باشعور عوام نے دھرنا دینے والوں اور ماضی میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو پہلے بھی مسترد کیا اور آئندہ بھی کرینگے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور شہبازشریف کی ون ٹو ون اہم ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں معیشت اور شعبہ صحت برطانوی سرمایہ کاری ‘ نوازشریف خاندان کیخلاف ریفرنسز ‘ ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور پارٹی کے اندرونی معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے لندن سے وطن واپس روانگی سے قبل کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے‘ خاندان میں اختلافات دیکھنے والوں کو مایوسی ہوگی۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے باجوڑ ایجنسی میں مٹی کا تودہ گرنے کے باعث خاتون سمیت بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سابق چیف سیکرٹری بریگیڈیئر (ر) اسلم حیات قریشی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔