’’ہندو دہشت گردی پر آرٹیکل‘‘ بھارتی اداکار کمل ہاسن کیخلاف مقدمہ کی سماعت، انتہا پسندوں نے قتل کی دھمکی دیدی، معافی کا مطالبہ
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی عدالت نے ہندو دہشت گردی کے خلاف آواز اٹھانے پر تامل اور ہندی فلم انڈسٹری کے سپر سٹار کمل ہاسن کے خلاف مقدمے کی سماعت شروع کر دی ہے۔ ان پر الزام لگایا گیا تھا کہ اداکار نے اپنی تحریر میں بھارت میں ہندو دہشت گردی کے الفاظ استعمال کرکے مذہبی جذبات مجروح کئے ہیں۔ اداکار سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان کے بعد کمل ہاسن بھی بھارتی انتہا پسندوں کے نشانے پر آ گئے۔ کمل ہاسن کو انتہا پسندی کے خلاف آرٹیکل لکھنا مہنگا پڑ گیا۔ ہندو مہاسبھا کے لیڈر نے کمل ہاسن کو قتل کرنے کی دھمکی دیدی اور کہا ہے کہ کمل ہاسن کو گولی مار دینی چاہئے۔ انتہا پسند تنظیم نے کمل ہاسن سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ کمل ہاسن کے مطابق ہندو دہشت گردی سے انکار نہیں کیا جا سکتا اب ہندو شدت پسند تشدد بھی کرنے لگے ہیں۔