ڈیرہ اسماعیل خان: لڑکی کو سرِ عام برہنہ کرنے کے الزام میں 8 گرفتار ملزموں کا ریمانڈ
ڈیرہ اسماعیل خاں (بی بی سی ڈاٹ کام) ڈیرہ اسماعیل خان میں نوجوان لڑکی کو زبردستی برہنہ گلیوں میں گھمانے کے الزام میں گرفتار آٹھ ملزمان کو سنیچر کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ ایک مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ ملزموں کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی کے بھائی پر یہ الزام تھا کہ اس نے تین سال پہلے ملزمان میں سے کسی ایک کی بیٹی کو موبائل فون دیا تھا جس پر وہ دونوں باتیں کرتے تھے۔ جب سب کو اس بارے میں پتہ چلا تو مقامی سطح پر پنچایت نے لڑکی کے بھائی کو کہا کہ وہ ملزمان کو تین لاکھ روپے جرمانہ ادا کرے۔ لڑکی کے بھائی نے تین لاکھ جرمانہ دیا اور فریقین کی صلح ہو گئی۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ملزمان نے یہ بات دل میں رکھی اور اسے بھلایا نہیں بلکہ وہ لڑکے کو مزید سزا دینا چاہتے تھے۔