نوازشریف نے کرپشن کلچر کو فروغ دیا، وفاق صوبے کے 36 ارب پر قابض ہے: پرویز خٹک
نوشہرہ (صباح نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خان خٹک نے کہا ہے کہ کرپشن اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔ نوازشریف نے کرپشن کلچر کو فروغ دیا۔ملک کے خزانے سے کھربوں کی لوٹ مار کی وجہ سے نکالا گیا ہے۔ خیبر پی کے کے 36 ارب روپے پر وفاقی حکومت قابض ہے۔آصف علی زرداری کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگ رہے ہیں۔قوم کو لوٹنے والے عوام کی درد کی بات کررہے ہیں۔ عمران خان آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ کے قریب سورخیل روڈ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب اور جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں کرپٹ حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اگر حکمران خود ہی ملک کی وسائل کی لوٹ مار اور چوری میں ملوث پائے جائے تو پھر قوم کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتا۔