دہشت گردی میں 27 فیصد کمی آئی، 104 مقدمات فوجی عدالتوں میں زیرسماعت ہیں: نیکٹا
اسلام آباد (صبا ح نیوز) نیکٹا نے نیشنل ایکشن پلان پر عملدآمد رپورٹ 2016-17 جاری کر دی ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں دہشت گردی کے واقعات میں 27 فیصد کمی آئی ہے۔ دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث بہتر افراد کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق 2017ء میں جنوری سے اب تک دہشت گردی کے 432 واقعات ہوئے۔ 35,72,615 سرچ آپریشنز کیے گئے۔ جن میں 2,27,000 مشکوک افراد گرفتار کیے گئے۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے مقدمات میں 72 افراد کو پھانسی دی گئی جبکہ فوجداری مقدمات میں 300 سے زائد مجرموں کو تختہ دار پر لٹکایا گیا۔ اب تک 219 مقدمات فوجی عدالتوں کو بھیجے جا چکے ہیں جن میں 49 مقدمات کے فیصلے سنائے گئے ہیں اور 104 کیسز تاحال زیرسماعت ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے واقعات میں 98 فیصد اورٹارگٹ کلنگ میں 97 فیصد کمی ہوئی۔ 2016-17 کے دوران حساس اداروں میں معلومات کے تبادلے سے دہشتگردی کے 4655 واقعات ناکام بنائے گئے۔ مذہبی منافرت پھیلانے پر 1353 مقدمات درج اور 2528 افراد گرفتار کئے گئے۔