رینجرز نے دہشت گردی میں استعمال ہونیوالی 51 گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا، 2 گرفتار
کراچی(این این آئی)سندھ رینجرز کے سیکٹر کمانڈربریگیڈیئر نسیم پرویزنے کہا ہے کہ رینجرز نے دہشت گردی میں استعمال ہونے والی 51 گاڑیوں کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ملزمان سی پیک کے نام پررینٹ اے کارسے گاڑیاں حاصل کرکے اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرکے فروخت کردیتے تھے ۔کراچی کے علاقے سائٹ میں سچل رینجرز کے سیکٹر کمانڈربریگیڈیرنسیم پرویزنے ایس ایس پی سینٹرل عرفان بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ناظم آباد میں پولیس اور رینجرزنے مشترکہ سنیپ چیکنگ میں 2 مشتبہ افرادقاضی منیب احمد صدیقی اور شیراز کو گرفتار کیا جن قبضے سے مسروقہ گاڑی برآمد کر کے گروہ کے سرغنہ کو بھی گرفتار کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل گاڑیوں کے چھیننے اور چوری کی وارداتوں کے حوالے سے انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی کی گئی۔ کارروائی کے نتیجے میں دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ، جن کے نام منیب صدیقی اور شیراز ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گرفتارملزمان کا تعلق بین الصوبائی کار لفٹرگروہ سے ہے، ملزمان کی نشاندہی پر صوبے کے مختلف علاقوں سے 51 مسروقہ گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تفتیش میں یہ بھی معلوم ہواہے کہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بھاری منافع کا جھانسہ دے کر رینٹ کے لیے گاڑی حاصل کرتے تھے۔ملزمان کی جانب سے شہریوں کو گاڑیاں سی پیک میں استعمال کرنے کا بھی جھانسہ دیا جاتا تھاکچھ عرصے تک معاوضہ دینے کے بعد گاڑیاں غائب کر دی جاتی تھی۔ملزمان مسروقہ گاڑیوں کو اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں ڈمپ کرنے کے بعد فروخت کر دیتے تھے۔