• news

.گرفتار شہزادہ طلال دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) سعودی عرب میں گرفتار ہونے والے شہزادہ ولید بن طلال نے مغربی ملکوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ شہزادہ ولید اپنے شاہانہ انداز زندگی کیلئے بہت معروف ہیں۔ ان کے پاس اپنے جیٹ طیارے‘ کشتیاں اور محلات ہیں۔ امریکی جریدہ فورنر نے ان کی دولت کا تخمینہ 17 ارب ڈالر لگایا تھا۔ جس پر شہزادہ طلال سخت ناراض ہوئے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ ان کی دولت کو کم دکھایا گیا ہے۔ شہزادہ ولید بن طلال نے مغربی ملکوں کی میڈیا کمپنیوں میں بھی سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ مغربی ملکوں کی میڈیا رپورٹس کے مطابق ولید بن طلال یورپ کے میڈیا کے بادشاہ روبرٹ دراخ کے پارٹنر ہیں۔ وہ اپیل کمپنی‘ اور ٹائم میگزین شائع کرنے والی کمپنی ٹائم وارنر کے بھی شراکت دار ہیں۔ شہزادہ طلال دنیا میں کئی ہوٹلوں کی چینزکے مالک بھی ہیں۔ وہ لندن کے معروف ہوٹل لندن سیوائے ہوٹل اور پیرس کے جاجز فائیو ہوٹل کے بھی مالک ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا تھا کہ صدر ٹرمپ امریکہ کیلئے توہین ہیں‘‘۔ شہزادہ ولید نے حال ہی میں اپنی ساری دولت خیراتی اداروں کو دینے کا اعلان کیا تھا۔ شہزادہ ولید نے سعودی خواتین کو ان کے حقوق دلانے کیلئے بھی تحریک چلائی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن