• news

عوام نے منف سیاست مسترد کردی آئندہ الیکشن کارکردگی کی بنیات پر لڑینگے:شہباز شریف

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کردیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجیح ہمیشہ عوامی خدمت اور ملک کی ترقی و خوشحالی رہی ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی مثبت اور ملکی مفادکی سیاست کی ہے۔ موجودہ دور میں ہونیوالی معاشی ترقی کے بین الااقوامی مالیاتی ادارے بھی معترف ہیں۔ پالیسیوں کا تسلسل جاری رہا تو پاکستان جلد خطے کی بڑی معاشی قوت ہو گا۔ 2018ء کے الیکشن میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جائینگے اور سر خرو ہوں گے۔ 2018ء کے انتخابات میں محنت، امانت اور دیانت اور عوامی خدمت کی سیاست فتح سے ہمکنار ہوگی۔ وہ لندن سے واپسی کے بعد مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آتی ہے ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوجاتا ہے اور مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں عوام کی بے لوث خدمت کی اور آئندہ بھی اس پر کاربند رہیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آج بھی عوام میں سب سے زیادہ مقبول جماعت ہے۔ عوام نے مفاد پرست عناصر کی منفی سوچ کی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ عوام جھوٹ، انتشار اور ذاتی مفادات کی سیاست کرنے والوں کے عزائم کو بھانپ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ذاتی مفادات کیلئے ترقی کا سفر روکنے والوں کو آئندہ انتخابات میں منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ ہم نے عوام کی ترقی و خوشحالی کا عزم کر رکھا ہے۔ جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست ہمیں خدمت خلق سے نہیں روک سکتی۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ذاتی مفادات پر ملکی مفادات کو ترجیح دی، ملک کے روشن اور تابناک مستقبل کیلئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ہماری حکومت نے عوام کا معیار زندگی بلندکرنے کیلئے اربوں روپے کے انقلابی پروگرامز شروع کیے ہیں۔ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کے باوجود ترقیاتی منصوبوں کے ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعلیٰ شہباز شریف گزشتہ روز صبح لندن سے لاہور واپس پہنچے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے لندن میں بیگم کلثوم نوازکی عیادت کی اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، اوورسیز پاکستانیوں اور مسلم لیگ( ن) کے وفود سے بھی ملاقاتیں کیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہحضرت امام حسین ؓ اور شہدائے کربلا کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی اور کام نہیں ہوسکتا لٰہذا قانون نافذ کرنے والے پوری طرح چوکس رہیں‘ پرامن فضا برقرار رکھنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور شرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے‘ موجودہ حالات میں کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ منتخب نمائندے، انتظامیہ اور پولیس افسران امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن