• news

.پاکستان امریکہ سفارتکاری کا چوتھا دور آج شروع ہوگا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور امریکہ کے درمیان غیر رسمی سفارتکاری کا دو روزہ چوتھا دور آج پیر کے روز سے مقامی ہوٹل میں شروع ہو رہا ہے۔ خیال رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تبادلہ خیالات کا ایک دور اسلام آباد ، دو واشنگٹن میں منعقد ہو چکے ہیں، غیر رسمی مذاکراے میں نئی امریکی پالیسی، انسداد دہشتگردی ، افغان مفاہمتی عمل پر گفتگو ہوگی، پاکستان، امریکہ تعلقات پر بھارت، چین کیساتھ روابط کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائیگا، وزارت خارجہ حکام ، نجی تحقیقی اداروں کیساتھ امریکی محکمہ خارجہ اور سفارتخانے کے حکام بھی شریک ہوں گے۔ پاکستان اور امریکہ کے درمیان بھی کرکٹ ڈپلومیسی شروع ہو گئی ہے اور غیر رسمی سفارتکاری کیلئے پاکستان آنے والے امریکی دانشوروں کی کرکٹ ٹیم اور سرینا ہوٹل کی کرکٹ ٹیم کے درمیان ہوٹل کے سبزہ زار میں ایک محدود کرکٹ میچ کا اہتمام کیا گیا آداب میزبانی نبھانے کی خاطر امریکی ٹیم کو جتوایا دیا گیا۔ میچ دیکھنے والے ایک شائق نے نوائے وقت کو بتایا کہ امریکی کھلاڑیوں نے جوش و جذبہ کا مظاہرہ کیا، کھیل میں خوب دلچسپی دکھائی لیکن انہیں بہر حال کرکٹ کی الف ، ب کا بھی پتہ نہیں تھا۔ موقع پر ہی کی گئی کوچنگ کی روشنی میں انہوں نے بلے گھمائے اور بالنگ کی اور میچ جیت گئے۔ کرکٹ میچ کھیلنے والے یہ دانشور آج اسی ہوٹل میں دو روزہ بات چیت میں حصہ لیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن