• news

غزہ میں اسرائیلی فوج کی ریلی پر فائرنگ‘ 2 فلسطینی شدیدزخمی

غزہ+مقبوضہ بیت المقدس+رملہ(اے این این) قابض صہیونی فوج نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے مشرقی قصبے میں ریلی کے شرکاء پر بلا اشتعال فائرنگ کرکے دو فلسطینی زخمی کردئیے۔غزہ کی پٹی میں محکمہ صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے بتایا کہ مشرقی غزہ میں صہیونی فوج کے خلاف ایک ریلی نکالی گئی تھی جس پر قابض فوج نے فائرنگ کی۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک 17 سالہ فلسطینی لڑکا زخمی ہوگیا۔ یہ واقعہ وسطی غزہ میں البریج کے مقام پر پیش آیا۔ ایک دوسرے واقعے میں قابض فوج نے شمالی غزہ میں جبالیا کے مقام پر فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک چھبیس سالہ شہری زخمی ہوگیا۔ دونوں زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دریں اثناء اسرائیلی پولیس کی سپیشل یونٹ نے فلسطینیوں کی بڑھتی مزاحمتی سرگرمیوں کے پیش نظر بیت المقدس شہر میں مزید 15 تھانے قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔ بیت المقدس میں 15 نئے تھانے قائم کرنے کے بعد 250 پولیس اہلکاران میں تعینات کئے جائیں گے۔ دوسری طرف فلسطین میں انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے فراہم کردہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ ماہ اکتوبر کے مہینے میں قابض صیہونی فوج کے ہاتھوں 70 بچوں ارو 9 خواتین سمیت 500 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ سب سے زیادہ گرفتاریاں مقبوضہ بیت المقدس سے کی گئیں جہاں سے حراست میں لیے جانے والوں کی تعداد 180 رپورٹ کی گئی ہے۔ جن میں سے بیشتر کم عمر بچے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن