• news

”10 ہزار ایکڑ کیلئے کپاس کے مفت بیج، کھاد پر سبسڈی سے بہتر فصل حاصل ہو رہی ہے“

لاہور (این این آئی) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کسان پیکیج کے تحت زرعی ادویات پر عائدتمام ٹیکسوں کی چھوٹ، کھادوں پر سبسڈی اور 10ہزار ایکڑ کیلئے کپاس کے مفت معیاری بیج کی بدولت کپاس کی بہتر پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔ امسال محکمہ زراعت پنجاب کی بھر پورکاوشوں اور کسانوں کوبروقت رہنمائی کی وجہ سے کپاس کی فصل پرضرررساں کیڑوں کاحملہ پچھلے سالوں کی نسبت کم رہاہے۔گلابی سنڈی کے کنٹرول کی وجہ سے اس سال پھٹی کی کوالٹی بہت بہتر ہے۔ 2015-16 میں گلابی سنڈی کے حملے کی وجہ سے کپاس کی پیداوار میں نہ صرف کمی واقع ہوئی بلکہ کوالٹی بھی بری طرح متاثر ہوئی جس کی وجہ سے کپاس کے کاشتکاروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور ملکی معیشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوئے۔ حکومت پنجاب محکمہ زراعت نے سیکرٹری زراعت محمد محمود کی سربراہی میں پچھلے سال گلابی سنڈی اور سفید مکھی کو کنٹرول کرنے کیلئے خصوصی آف اورراِن سیزن مہم چلائی جس میں ایک قدم اگیتی کاشت پر پابندی تھا جس کا مقصد گلابی سنڈی کا کنٹرول تھا کیونکہ گلابی سنڈی صرف کپاس پر نشوونما پاتی ہے اور اگیتی کاشت کی وجہ سے اس کو خوراک پورا سال میسر رہتی ہے اور اس کا حملہ موسمی کپاس پر شدت اختیار کر جاتا ہے۔اس سال کپاس کی اگیتی کاشت پر پابندی کی وجہ سے گلابی سنڈی کا حملہ گزشتہ سالوں کی نسبت بہت کم رہاجس کی وجہ سے کپاس کی کوالٹی میں بہتری آئی اور کاشتکاروں کو بھی اچھے دام مل رہے ہیں۔ علاوہ ازیں سفید مکھی کا حملہ اس سال محکمہ زراعت کی بروقت کسانوں کو آگاہی کی وجہ سے کم رہا۔

ای پیپر-دی نیشن