• news

مستقبل میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے ، زراعت اورمعیشت کی ترقی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر قرار آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور (آن لائن) آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے مستقبل میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے ، زراعت اورمعیشت کی ترقی کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں فریقین کو کھلے ذہن اور بڑے دل کے ساتھ ایک میز پر بیٹھنا ہوگا ،منصوبے پر پائے جانے والے تحفظات بارے قوم کو اصل حقائق سے آگاہی کیلئے اس شعبے کے ماہرین کا بورڈ تشکیل دیا جائے جس میں صوبوںکو برابر کی نمائندگی دی جائے۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ ملک میں بڑے آبی ذخیرے کی تعمیر نہ ہونے سے ہم ہر سال اربوں روپے کا پانی سمندر میں پھینک کر ضائع کر رہے ہیں جس کی وجہ سے دنیا ہم پر ہنستی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کے فقدان کی وجہ سے اب تک اقتدار میں آنے والی حکومتوںنے کالا باغ ڈیم منصوبے کی طرف پیشرفت نہیں کی جس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ حکومت کی طرف سے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے مختلف منصوبے مکمل کئے جارہے ہیںلیکن بڑھتی ہوئی آبادی اور مستقبل کی ضروریات کو بھی مد نظر رکھنا چاہیے اور اس کے لئے کالا باغ ڈیم کاناگزیر ہے۔انہوںنے کہا کہ قوم اس منصوبے پر پائے جانے والے تحفظات بارے اصل حقائق سے آگاہی چاہتی ہے۔ مطالبہ ہے کہ اس شعبے کے ماہرین کا بورڈ تشکیل دیا جائے جس میں صوبوں کو برابر کی نمائندگی دی جائے اور ان کی رپورٹ کو پوری قوم کے سامنے لایا جائے۔اشرف بھٹی نے کہا کہ ملک میں دن بدن پانی کی صورتحال انتہائی گھمبیر صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے جبکہ حکمران اس معاملے کو یکسر نظر انداز کئے ہوئے ہیں جس کا خمیازہ ہماری آنے والی نسلوں کو بھگتنا پڑے گا۔

ای پیپر-دی نیشن