• news

قبل از وقت انتخابات جمہوریت کا حصہ حکومت سے باربارکہہ رہے ہیں:عمران

اٹک (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ میجر (ر) طاہر صادق کو پی ٹی آئی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ دنیا میں ہر ملک میں دو قسم کی سیاست ہوتی ہے۔ کچھ لوگ ذاتی مفادات کیلئے سیاست میں آتے ہیں‘ لوگ فیکٹریاں اور دولت بنانے کیلئے سیاست میں آتے ہیں ایسے مفاد پرستوں سے لوگ نفرت کرتے ہیں۔ لوگ ایسے سیاستدانوں کو کبھی یاد نہیں رکھتے‘ انسانیت کیلئے کام کرنے والوں کو اللہ نے عزت دی۔ جس نے عوام کیلئے کام کیا لوگ اسے یاد کرتے ہیں۔ اٹک میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت میں صرف وہی لوگ آئیں گے جو عوام کی خدمت کریں گے۔ صرف قوم کا سوچنے والوں کو اپنی کابینہ میں وزیر بنائیں گے‘ ہماری حکومت میں وہ وزیر بنیں گے جو انسانوں کا سوچیں گے۔ ہمیں کسی کے آگے جھکنا نہ ہی قرضے مانگنے ہیں۔ ہمیں پاکستان کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔ جو قرضہ دیتا ہے وہ آپ کی آزادی لے لیتا ہے۔ مقروض ملک آزاد فیصلے نہیں کر سکتا۔ ایران نے گیس لائن بنائی اگر ہم لے لیتے تو ایل این جی سے سستی پڑتی۔ انہوں نے کہاکہ قبل ازوقت الیکشن جمہوریت کا حصہ ہیں۔ حکومت سے بار بار قبل از وقت الیکشن کا کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اب وہ فوج نہیں جو نوازشریف کو دھاندلی سے جتوائے گی۔ کرپٹ لوگ فوج اور عدلیہ پر حملے کر رہے ہیں ملک کو کمزورکرنے کی کوشش کی گئی تو پھر سڑکوں پر آئیں گے۔ ہم پالیسی بنائیں گے 10کروڑ پاکستانیوں کو غربت سے کیسے نکالنا ہے۔ جہاں ظلم ہوتا ہے وہاں اللہ کی مدد کبھی نہیں آتی۔ ہمیں قرضے دینے والوں نے ایران سے گیس لینے کی اجات نہ دی۔ ہم نے اس قوم کو عظیم بنانا ہے۔ زرداری اور شریف اپنے لئے بیٹنگ کرتے ہیں‘ پاکستان کیلئے کبھی نہیں کھیلا۔ تحریک انصاف انہیں لائے گی جو عوام کی خدمت کریں گے۔ ہم اپنی خارجہ پالیسی بنائیں گے‘ کسی کی پروا نہیں کریں گے۔ زرداری کے پاس پیسہ عوام کا آیا ہے۔ نوازشریف اور زرداری کو دیکھیں وہ اقتدار سے پہلے کیا تھے۔ احسن اقبال معصومیت سے کہتا ہے ساری دنیا میں کرپشن ہوتی ہے۔ یہ لوگوں کو بھیڑبکریاں سمجھتے ہیں۔ خواجہ آصف کہتے ہیں میاں صاحب لوگ پانامہ کو بھول جائیں گے۔ دنیا میں کسی وزیراعظم اور وزیر سے ایسا بیان نہیں سنا۔ ڈاکٹر کا کام علاج‘ جج کا انصاف اور عوام کا کام ووٹ دینا ہے‘ مغربی ممالک میں کمزور طبقے کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ نوازشریف کہتا ہے میرا احتساب عوام کریں گی‘ پاکستانی عوام کا پیسہ کبھی لوٹنے نہیں دیں گے‘ مجرم عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے پنجاب ہائوس میں ٹھہرا ہوا ہے۔ مجرم کو 40 گاڑیوں کا پروٹوکول دیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پرمیجر(ر) طاہر صادق سٹیج پر رقص کرتے رہے۔
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت)سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی اصلاحات قانون سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قانون کے تحت نااہل شخص پارٹی صدر نہیں بن سکتا ۔آئین سے متصادم قانون سازی بنیادی حقوق کے منافی ہے، درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے ۔ پیرکو عمران خان نے انتخابی اصلاحات قانون سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، عمران خان نے انتخابی قانون کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ، درخواست میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قانون کے تحت نااہل شخص پارٹی صدر نہیں بن سکتا ، آئین سے متصادم قانون سازی بنیادی حقوق کے منافی ہے۔ عدالت عظمیٰ اس قانون کوکالعدم قرار دے۔
عمران/چیلنج

ای پیپر-دی نیشن