پاکستان اور روس کا توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان اور روس نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیرخارجہ خواجہ محمد آصف سے روس کی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے بین الاقوامی امور کے چیئرمین لیونڈایڈورڈووک سلوٹسکی نے پیر کو یہاں دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ اس موقع پر سیاسی، اقتصادی اور پارلیمانی شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ علاقائی سلامتی و استحکام کے امور بھی زیر غور آئے۔ وزیرخارجہ نے گزشتہ چند سالوں کے دوران پاکستان اور روس کر درمیان تواتر سے پارلیمانی سفارتکاری کو سراہا جس سے دوطرفہ وسیع البنیاد تعلقات کو بڑھانے میں مدد ملی ہے۔ دوطرفہ تعلقات کو مزید ٹھوس بنانے کے لئے اعلیٰ سطح روابط جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک مختلف شعبوں میں طویل مدت اور ہمہ جہت شراکت داری کی مشترکہ خواہش رکھتے ہیں۔