فیصلہ اسی روز آگیا تھا جب منصفوں نے گاڈ فادر‘ سسلیئن مافیا جیسی گالی دی: مریم نواز
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی اسلئے بدلہ لیا جا رہا ہے، قانون اور انصاف شرمندہ ہیں۔ نوازشریف کا اثاثہ بیٹے کی تنخواہ ہے یہ انصاف کی تضحیک ہے، ٹوئیٹر پیغٖام میں مریم نواز نے کہا کہ یہ وہی مریم نواز ہے جس کا نام سپریم کورٹ کے پہلے فیصلے میں نہیں تھا، میں نے ناانصافی کیخلاف آواز اٹھائی اسلئے انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم نواز شریف نہیں مظلوم قانون و انصاف ہے، یہ فیصلہ دباؤ میں ہی لیا جاسکتا ہے۔ قانون و انصاف شرمندہ ہیں، افسوس نوازشریف سے انتقام کیلئے اداروں کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیت اکثریت کو بدنام کر رہی ہے۔ دوسری صورت میں انصاف کی بدلی شکل ناقابل قبول ہے۔ فیصلہ اسی دن سنا دیا گیا تھا جس دن منصفوں نے گاڈ فادر اور سسلئین مافیا جیسی گالی دیکر اپنا تعصب ظاہر کیا۔ فیصلہ اسی دن سنایا گیا جب نوازشریف سے سیاسی طور پر ہارنے والے مخالف کو ایک منصف نے خود ایک ناقابل سماعت درخواست دائر کرنے کو کہا اور فیصلہ اسی دن سنایا جاچکا تھا جب جے آئی ٹی کے بارے میں حقائق سامنے آئے کہ یہ جے آئی ٹی وٹس ایپ زدہ ہے۔ قبل ازیں اپنے پیغام میں انکا کہنا تھا مختصر مدت کیلئے فائدہ اٹھانے والے غلطی پر ہیں، نقصان اٹھائیں گے۔ نوازشریف جہاں جاتے ہیں انکا ہیرو کی طرح استقبال ہوتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نواز شریف پر مہربان ہے۔ مریم نواز نے پیشی کے وقت نوازشریف کی گاڑی کے اندر کی ویڈیو جاری کردی۔ سابق وزیراعظم کارکنوں کے نعروں کا جواب دے رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ مفادات کیلئے غلط سائیڈ پر کھڑے ہونے والوں کو شکست ہو گی۔