• news

احتساب عدالت:سابق وزیراعظم‘ مشاہد اللہ پرویز رشید نیند کے مزے لیتے رہے مریم تسبیج پر مسلسل ورد کرتی‘ نوازشریف الائچی، لیگی رہنما چیونگم چباتے رہے

اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) احتساب عدالت میں سماعت کے دوران نواز شریف، مشاہد اللہ خان، پرویز رشید نیند کے مزے لیتے رہے، نوازشریف کمرہ عدالت میں الائچی بھی چباتے رہے، مریم نواز تسبیح پر مسلسل ورد کرتی رہیں،کارکنان نے سابق وزیراعظم کا استقبال کیا، ان کے حق میں نعرے بازی کی، کارکنوں کو پولیس نے جوڈیشل کمپلیکس کے اندر جانے سے روک دیا، نوازشریف تیس گاڑیوں کے قافلے میں پنجاب ہائوس سے جوڈیشل کمپلیکس میں واقع نیب عدالت پہنچے، سابق وزیراعظم نواز شریف پونے دو گھنٹے تک کمرہ عدالت میں موجود رہے۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر مملکت داخلہ امور طلال چوہدری، سینیٹر پرویز رشید، سینٹ میں قائد ایوان سینیٹر راجہ ظفرالحق، وزیر مملکت برائے کیڈ طارق فضل چوہدری سمیت دیگر لیگی رہنما بھی عدالت میں موجود رہے، جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ کمرہ عدالت میں صرف ان لوگوں کو جانے کی اجازت دی گئی جن کے نام پیشگی تیار کی گئی فہرست میں تھے۔کمرہ عدالت وکلا اور صحافیوں سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا، گزشتہ سماعت کی طرح اس بار بھی نوازشریف اور مریم نواز اگلی نشستوں پر اور کیپٹن (ر) صفدر پچھلی نشستوں پر بیٹھے رہے۔ پہلی بار نوازشریف مریم نواز اور کیپٹن صفدر ایک ہی گاڑی میں عدالت پہنچے۔ لیگی رہنما چیونگم چباتے رہے۔

ای پیپر-دی نیشن