• news

نوازشریف اور اداروں کا ٹکرائو چاہتے ہیں نہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی گنجائش: نثار

چکوال (آئی این پی) سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا ہے کہ ہم نواز شریف اور اداروں کے درمیان محاذ آرائی کے حق میں نہیں ہیں، ملک میں ٹیکنو کریٹ حکومت بننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کیونکہ اس کی آئین کے اندر کوئی گنجائش نہیں ہے۔ احتساب سب کا ہونا چاہئے۔ وہ چکوال میں سینئر پارلیمنٹرین چودھری لیاقت خان مرحوم کی وفات پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری نثار نے کہا ہے ہم نے مفروضوں پر کبھی بات نہیں کی ہمیشہ حقائق پر مبنی بات کی ہے، ثابت قدمی اور سچا مشورہ ہم نے کبھی بھی نہیں چھوڑا چاہے اس کے لیے ہمیں کوئی قربانی بھی دینی پڑے۔ نواز شریف کو بھی ہمیشہ سچے مشورے دئیے۔ چودھری نثار نے کہا چند عناصر اختلاف رائے کو پارٹی کے اندر اختلافات کا نام دے رہے ہیں مگر وہ اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے کیونکہ مسلم لیگ ن ایک جمہوری جماعت ہے اور عوام خود اس کے موقف کو سمجھتے ہیں۔ الیکشن مقررہ وقت پر ہی ہونے چاہئیں، پرانی حلقہ بندیوں پر الیکشن ہوں یا نئی حلقہ بندیوں پر مسلم لیگ ن ہر دو صورت میں الیکشن کے لیے تیار بیٹھی ہے۔ سیاسی اور جمہوری عمل جاری رہنا چاہئے۔ چودھری نثار نے کہا ہے کہ پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں۔ باتیں چائے کی پیالی میں طوفان جیسی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) متحد ہے، اختلاف رائے کی باتیں بے بنیاد ہیں، احتساب یکطرفہ نہیں ہو نا چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن