• news

تفصیلی فیصلے میں مجھے کیوں نکالا کا جواب موجود :عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ تفصیلی فیصلے میں ’’مجھے کیوں نکالا‘‘ کا تسلی بخش جواب موجود ہے۔ مریم نواز کے پاس 1993ء میں لندن فلیٹس خریدنے کیلئے وسائل نہیں تھے۔ نوازشریف نے منی لانڈرنگ سے مریم نواز کیلئے فلیٹس خریدے۔ علاوہ ازیں عمران کی زیرصدارت کور گروپ کے اجلاس میں سیاسی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نئی حلقہ بندیوں اور مجوزہ آئینی ترمیم پر مشاورت ہوئی۔ تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم پر بات کی۔ شریف فیملی کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ تحریک انصاف نے سندھ میں کرپشن کیخلاف مارچ کا اعلان کیا۔ پی ٹی آئی سندھ میں آصف زرداری کیخلاف تحریک چلائے گی۔ عمران خان کی قیادت میں سندھ میں پہلا 3 روزہ مارچ دسمبر کے آغاز میں ہو گا۔ علاوہ ازیں عمران خان سے سندھ کی اہم سیاسی شخصیات نے ملاقات کی۔ محفوظ عرسانی‘ جمیل احمد اور میر یحییٰ نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ شیخ رشید نے بھی عمران سے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر شیخ رشید نے کہا کہ اہم فیصلے ہوئے، جنرل الیکشن ، قطر ایل این جی، عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات پر بات ہوئی۔عمران نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ نواز شریف ہر ایک کو ہر وقت بیوقوف نہیں بنا سکتے۔نواز شریف نے اپنی ریویو پٹیشن میں مدعی، عدالت اور عوام کو ایک ساتھ بیوقوف بنانے کی کوشش کی۔ سپریم کورٹ نے اپنے تفصیلی فیصلے میں واضح کیا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ، عدلیہ اور لوگوں کے سامنے جھوٹ بولا۔

ای پیپر-دی نیشن