بھارت نے نیوزی لینڈ کو ٹی ٹونٹی سیریز ہرا دی‘ پاکستان پھر پہلی پوزیشن پر آ گیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر ) بھارت نے نیوزی لینڈ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 6رنز سے شکست دے کر سیریز دو ایک سے جیت لی ۔ بارش کی وجہ سے میچ کو آٹھ آٹھ اوورز تک محدو دکردیاگیا تھا ۔مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بھارت نے 5وکٹوں پر 67رنز بنائے ۔ کیویز ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں پر 61رنز بناسکی ۔پہلا میچ بھارت جبکہ دوسرا نیوزی لینڈ نے جیتاتھا۔نیوزی لینڈ کی سیریز میں شکست کے ساتھ پاکستان ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر آگیا ۔ نیوزی لینڈ پہلے نمبر تھا اور بھارت کے خلاف پہلے میچ میں شکست پر دوسرے جبکہ پاکستان پہلے نمبر پر آگیا تھا ۔ نیوزی لینڈ نے دوسرے میچ میں فتح حاصل کرکے دوبارہ پہلی پوزیشن حاصل کرلی تھی ۔ تیسرے میچ میں شکست پھر پاکستان کو نمبر ون بنا گئی ۔ رینکنگ میں پاکستان 124پوائنٹس کے ساتھ پہلے ‘نیوزی لینڈ 120 پوائنٹس کیساتھ دوسرے اور ویسٹ انڈیز120کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے ۔ انگلینڈ چوتھے ‘بھارت پانچویں ‘جنوبی افریقہ چھٹے ‘آسٹریلیا ساتویں ‘سری لنکا آٹھویں ‘افغانستان نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر ہے ۔ سکاٹ لینڈ گیارہویں ‘زمبابوے بارہویں‘ متحدہ عرب امارات تیرہویں ‘ندر لینڈ چودھویں ‘ہانگ کانگ پندرہویں ‘پاپوا نیو گنی سولہویں ‘عمان سترہویں اور آئرلینڈ اٹھارہویں نمبر ہے ۔