ججز پر حملے کرتے شرم آنی چاہئے نواز شریف دولت بچانے کی کوشش کررہے ہیں :عمران
چترال+لاہور (ایجنسیاں+خصوصی نامہ نگار) عمران خان نے کہا ہے کہ پوری قوم عدلیہ کو مبارکباد پیش کرتی ہے انہوں نے پہلی بار کسی طاقتور کا احتساب کیا، نواز شریف کو ملک نہیں بلکہ اپنی دولت پیاری ہے اس لئے عدلیہ کیخلاف سخت زبان استعمال کررہے ہیں، تحریک انصاف انتخابات جیت کر وفاق میں آکر ملک میں تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرے گی، شاہد خاقان عباسی نے لیگی ایم این ایز کو 94 ارب روپے حلقوں کے ترقی کیلئے دیئے تاکہ وہ اگلا الیکشن جیت کر دوبارہ سے کرپشن کرسکیں۔ جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ الیکشن جیتنے کیلئے لگایا جارہا ہے حالانکہ پورے کے پی کا بجٹ سو ارب روپے ہے لیکن یہ کرپشن کی بنیاد 1985 میں ضیاء الحق نے رکھی تھی جس کی وجہ سے آج کنٹریکٹرز اور دوسرے بزنس مین سیاست میں آکر کرپشن کرتے ہیں۔ حکومت کا کام لوگوں کی زندگیاں آسان کرنا ہوتا ہے جب اللہ کسی کو گورننس دیتا ہے تو اس کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ غریب طبقے کو غربت سے نکالے اور ایسی سوچ جب لیڈر لے کر آتا ہے تو اس کیلئے سیاست عبادت بن جاتی ہے لیکن جب لیڈر دوسرے مقاصد کیلئے سیاست میں آتے ہیں تو پھر مظلوم شکل بنا کر کہتے ہیں مجھے کیوں نکالا؟ تحریک انصاف الیکشن جیت کر جب وفاق میں آئیگی تو ڈویلپمنٹ کے نام پر ایم این ایز اور ایم پی ایز کو کوئی فنڈز نہیں دے گی اور اگر کوئی ڈویلپمنٹ فنڈز کی وجہ سے تحریک انصاف میں شامل ہونے جارہا ہے تو اس کو میں ابھی سے تحریک انصاف میں آنے سے انکار کرتا ہوں۔ ہم اقتدار میں آکر پوری قوم کو صفائی مہم پر لگائیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام سے ایک ایک روپیہ اکٹھا کرکے اپنے ملک کا قرضہ اتارے گی کیونکہ ملک روز بروز قرضوں اور کرپشن میں ڈوب رہا ہے ہم ملک میں ایسا مضبوط نیب بنائینگے جو کسی کے بھی ماتحت نہیں ہوگا۔ پہلے صرف جیل میں غریب لوگ ہوتے تھے میں بھی آٹھ دنوں کیلئے جیل گیا تھا لیکن وہاں پر کوئی بڑا ڈاکو نہیں دیکھا لیکن اسمبلی میں بڑے بڑے ڈاکو اور قبضہ گروپ دیکھے ہیں۔ ٹوئٹ میں نواز شریف کے بیان پر شدید تنقید کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے ججوں پر حملہ کرتے ہوئے نواز شریف کو شرم آنی چاہئے۔ نواز شریف ججوں کو محض اس لئے نشانہ بنا رہے ہیں کہ انہوں نے انکی لوٹ مار اور کالا دھن بے نقاب کیا ہے۔ نواز شریف محض قوم کی چوری شدہ دولت بچانے کیلئے ریاستی اداروں کی تباہی چاہتے ہیں۔تحریک انصاف نے عوام رابطہ مہم کے سلسلہ میں جلسوں کے دوسرے مرحلہ کا اعلان کردیا ہے۔ 11نومبر کو تونسہ میں پہلا جلسہ ہو گاجس کے بعد 19 نومبر کو لیہ، 24نومبر کو حافظ آباد اور 26نومبر کو مانسہرہ میں جلسہ ہوگا جن سے عمران خطاب کریں گے۔