دبئی رئیل اسٹیٹ میں 100 پاکستانیوں کی فہرست ایف بی آر کو فراہم کی جائے:خزانہ کمیٹی
اسلام آباد (آئی این پی) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ذیلی کمیٹی نے دبئی کی رئیل اسٹیٹ میں پاکستانیوں کی جانب سے اربوں روپے کی غیر قانونی سرمایہ کاری کے معاملہ پرایف آئی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے تیار کی گئی 100افراد کی فہرست کمیٹی اور فیڈرل بور ڈ آف ریونیو کو فراہم کرے،کمیٹی نے فہرست میں شامل افراد کے حوالے سے ایف بی آر کو دبئی ٹیکس اتھارٹی سے معلومات کے حاصل کرنے کی بھی ہدایت کر دی اور نیب حکام کو آئندہ اجلاس میں اپنے موقف سے آگاہ کرنے کے لئے طلب کر لیا جبکہ اسد عمر نے معاملہ پر بہت آہستہ پیش رفت پر برہمی کا اظہار کیا۔ بدھ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ذیلی کمیٹی کو اجلاس کمیٹی کنوینئر ڈاکٹر شذرا منصب علی کھر ل کی صدارت میں ہوا۔ رکن کمیٹی قیصر احمد شیخ نے کہاکہ نیب اور دیگر متعلقہ اداروں کو معاملہ پر کارروائی سے کس نے روکا ہے وہ کارروائی کیوں نہیں کرتے۔ اسٹیٹ بنک سے پوچھے بغیر دوبئی میں جو سرمایہ کاری کی گئی ہے وہ غیر قانونی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معاملہ پرمزید تحقیقات اور سفارشات کے لئے کمیٹی کی مدت میں تو سیع کی جائے گی۔