پھر مارشل لاء لگانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں: جاوید ہاشمی
ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ لیاقت علی خان سے لیکر نواز شریف تک سپریم کورٹ کے فیصلوں نے ملک کے آئین کی دھجیاں اڑا دیں، مارشل لاء غیر تحریری آئین بن چکا ہے اور ایک بار پھرملک میں مارشل لاء لگانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، آمروں نے اس ملک کو چلانا ہی مشکل بنادیا ہے، سیاستدان اب پھر ان کے آلہ کار بنیں گے۔ مردم شماری کا تنازع کھڑا کرکے ملک کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان ایک بہت بڑے سانحے سے دوچار ہو سکتا ہے، عدلیہ اور نیب بڑے بازوں میں پھنسی ایسی چڑیا ہے، جو باز کہیں گے، ویسا ہی چڑیاکرے گی۔ نواز شریف کیخلاف فیصلہ دینے والے پانچ ججوں میں سے 4نے مشرف دور میں حلف اٹھایا ہوا ہے، عمران خان آئین کو کرکٹ کی گیند سمجھتے ہیں، انہوں نے آئین پڑھا ہی نہیں، اگر وہ آئین کی چار شقیں بنا دیں تو میں سیاست ہی چھوڑدوں گا۔