• news

وفاقی کابینہ میں وفاق، تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی حکام کے مالی سال 2010-11 سے 2013-14ءکیلئے مشترکہ مالی سٹیٹمنٹس بھی منظوری

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی‘ سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) وفاقی کابینہ نے سٹیٹ بینک آف پاکستان کو زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ کے حصص خریدنے کی منظوری دیدی۔ اس انتظام سے زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ اور ہاﺅس بلڈنگ فنانس کارپوریشن کی جانب سے سٹیٹ بینک آف پاکستان سے حاصل کئے گئے قرضوں کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔ وفاقی کابینہ میں وفاق، تمام صوبائی حکومتوں اور ضلعی حکام کے مالی سال 2010-11 سے 2013-14ءکیلئے مشترکہ مالی سٹیٹمنٹس بھی منظوری کیلئے پیش کی گئیں۔ اجلاس میں ڈاکٹر رتھ یفاﺅ کے اعزاز میں 50 روپے مالیت کے 50 ہزار یادگاری سکے جاری کرنے کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے پی آئی اے سی ایل میں فریال جمعہ کو تبدیل کر کے حق نواز کو بورڈ آف ڈائریکٹرز کا ممبر تعینات کرنے کی تجویز کی منظوری دی۔ اجلاس میں پاکستان آرڈیننس فیکٹریز بورڈ میں ڈائریکٹر انڈسٹریل اینڈ کمرشل ریلیشن (ڈی آئی سی آر) تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایپلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو میں اکاﺅنٹ ممبران کے طور پر ان لینڈ ریونیو سروس کے 4 افسران کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے محمد اعظم کو تین سال کی مدت کیلئے ڈائریکٹر جنرل ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان (ایچ آئی ڈی پی) تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں وزارت قومی ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈی نیشن کی ادویات زیادہ سے زیادہ ریٹیل قیمتوں سے متعلق پیش کی گئی تجاویز پر اصولی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کی الجیریا کی حکومت اور حکومت پاکستان کے درمیان فنی اور پیشہ وارانہ تربیت کے شعبہ میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ریئر ایڈمرل جمیل اختر ایچ آئی (ایم) کو تین سال کیلئے چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ تعینات کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں مسٹر نعیم وائی زمیندار کو سرمایہ کاری بورڈ کا چیئرمین تعینات کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے بحری سرحدوں کے دفاع کے سلسلے میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد اور بھروسے کا اظہار کیا۔ اس اعتماد کا اظہار انہوں نے 8 نومبر 2017ءکو نیول ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا حکومتِ پاکستان ، پاک بحریہ کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ کار ساز کمپنی واکس ویگن کے انتظامی بورڈ کے رکن ڈاکٹر جوزف بومارٹ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ وزیراعظم سے ویگن کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افغان حکومت پر زور دیاہے کہ وہ پاکستانی سفارتکار کے قتل کے سنگین جرم میں ملوث مجرموں کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائے۔افغان صدر اشرف غنی نے یقین دہانی کرائی کہ افغان حکومت پاکستانی سفارت کار کے قتل کے واقعے میں ملوث منصوبہ سازوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے وسیع تحقیقات کرے گی۔ اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کرکے افغانستان کی حکومت اور عوام کی طرف سے جلال آباد میں قونصل خانے میں کام کرنے والے پاکستانی سفارتی اہلکار نیئر اقبال رانا کے قتل پر تعزیت کا اظہار کیا۔ داعش نے پاکستانی سفارتی اہلکار نیئر اقبال کے قتل کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
اشرف غنی‘ یقین دہانی

ای پیپر-دی نیشن