• news

حکمرانوں کی سپریم کورٹ سے جنگ ریاست کیخلاف اعلان بغاوت ہے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا سپریم کورٹ کے خلاف اعلان جنگ ریاست کے خلاف اعلان بغاوت ہے، قومی ادارے قومی مجرم کی ہرزہ سرائی پر چپ کیوں ہیں؟ معاشی دہشتگرد قاتل برادران بھاگ جائیں گے انہیں گرفتار کیا جائے اور لوٹی گئی پائی پائی برآمد کی جائے۔ قومی دولت لوٹنے والے ڈاکو بتائےں عدالتیں انہیں کن الفاظ سے مخاطب کریں؟ اشرافیہ کو جب بھی موقع ملا انہوں نے عدلیہ پر حملہ کیا۔ جعلی حلف نامے پیش کرنیوالوں کو موقع پر گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا جاتا تو یہ آج قومی اداروں کے خلاف صف آراءنہ ہوتے۔ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی منصوبہ بندی ایوان وزیراعظم میں ہوئی، عملدرآمد ایوان وزیراعلیٰ پنجاب میں ہوا۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کے وکلا رہنماﺅں سے ٹیلیفون پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اشرافیہ کو ننگا کردیا۔ یہ ڈھٹائی کے ساتھ عدلیہ پر چڑھائی کر رہے ہیں یہ کرپشن ریفرنسز اور جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پر عدالتی کارروائی رکوانا چاہتے ہیں، اشرافیہ کی کرپشن کے سمند ر کا محض ایک قطرہ سامنے آیا ہے ابھی پورا سمندر باقی ہے۔ سپریم کورٹ مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے مافیا کی دھمکیوں کی پرواہ کئے بغیر آئین و قانون کے مطابق فیصلے دئےے، ہم معزز ججز کو جراتمندانہ آئینی کردار ادا کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انصاف اس وقت مظلوم تھا جب شریف برادران نے عدلیہ کے حکم کے باوجود شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے ورثا کی ایف آئی آر کے اندراج کا حق چھین لیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قاتل برادران کو پھانسیاں ملنے سے انصاف کا بول بالا ہو گا۔
طاہر القادری

ای پیپر-دی نیشن