نوازشریف کو پی ایس پی میں شمولیت کا مشورہ دینے والے فاروق ستار نے مصطفی کمال سے کیوں ہاتھ ملایا؟
کراچی (سالک مجید) سابق وزیراعظم نوازشریف کو پی ایس پی میں شمولیت کا مشورہ دینے والے ڈاکٹر فاروق ستار نے خود ہی پی ایس پی والوں سے ہاتھ ملالیا۔ کچھ روز قبل ڈاکٹر فاروق ستار نے مسلم لیگی دوستوں کو مخاطب کرتے ہوئے مشورہ دیا تھا کہ مشکلات سے بچنا چاہتے ہیں تو نوازشریف کی پی ایس پی (پاک سرزمین پارٹی) میں شمولیت اختیار کرا دیں اور اب خود ڈاکٹر فاروق ستار نے پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال سے ہاتھ ملا لیا ہے۔ سیاسی حلقوں میں بحث شروع ہو گئی ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے بھی یہ فیصلہ خود کو مقدمات اور مشکلات سے بچانے کےلئے کیا ہے یا ان پر کوئی اور دباﺅ آیا ہے۔ یہ سوال بھی زیربحث ہے کہ مردم شماری کے نتائج مسترد کرتے ہوئے کراچی میں بڑا احتجاجی جلسہ کر کے سیاسی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹر فاروق ستار کے ساتھ اچانک ایسا کیا ہوا کہ وہ دفاعی قدموں پر چلے گئے اور مصطفی کمال کے ساتھ جا بیٹھے۔ اس بیٹھک سے مصطفی کمال کو سیاسی فائدہ اور ڈاکٹر فاروق ستار کو سیاسی دھچکا لگنے کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ یہ بحث بھی ہو رہی ہے کہ دبئی میں حماد صدیقی کی گرفتاری کے بعد دباﺅ بڑھا۔
کیوں ہاتھ ملایا