فیصل آباد، جکھڑ، کوٹ رادھا کشن، شیخوپورہ خاتون سمیت 4 افراد کی خودکشی
فیصل آباد/ جکھڑ/ کوٹ رادھا کشن/شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی + نامہ نگاران) مختلف شہروں میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ خاتون سمیت 4 افراد نے زہریلی گولیاں اور پھندے لے کر خودکشی کرلی۔ فیصل آباد میں غلام محمد آباد راجہ چوک کا رہائشی 23 سالہ ابن حسن درزی کا کام کرتا تھا، مشکلات کی وجہ سے اکثر والد سے بھی جھگڑا ہوتا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر نوجوان نے مکان کی دوسری منزل پر جاکر گلے میں رسی کا پھندا ڈال کر پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ جکھڑ محلہ جنڈی والا کے 20 سالہ وقار کا گھر میں کسی بات پر جھگڑا ہوا جس پر وقار نے گندم میں رکھنے والی گولیاں کھا لیں جس پر حالت غیر ہونے پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔ کوٹ رادھا کشن، بھوئے آصل، قصور سے نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار کے مطابق گزشتہ روز محلہ جج والا کے مشتاق احمد کی نعش اس کے گھر سے پنکھے کی ہک سے لٹکی برآمد ہوئی۔ مشتاق احمد چند ماہ قبل ہی چونیاں سے کوٹ رادھا کشن اپنی دوسری بیوی شاہدہ بی بی کے ہمراہ آباد ہوا تھا۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہوا کہ دونوں میاں بیوی کے درمیان اکثر لڑائی جھگڑا رہتا تھا جس سے مشتاق دلبرداشتہ رہتا تھا۔ پولیس کوٹ رادھا کشن نے نعش قبضہ میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے روانہ کردی۔ اہل علاقہ کے مطابق مشتاق احمد نے خودکشی کی۔ کوٹ عبدالمالک میں 20 سالہ خاتون پروین نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔