حضرت امام حسینؓ کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا، لاہور کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ نیوز رپورٹر+ سٹاف رپورٹر) نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کا چہلم آج (جمعہ) کو مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ اس مناسبت سے ملک بھر کی مساجد، امام بارگاہوں سمیت مختلف مقامات پر سیمینارز کا اہتمام کیا جائے گا، علم، ذوالجناح اور تعزئیے کے جلوس برآمد ہوں گے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا جائے گا جن میں علماء اور ذاکرین شہدا ئے کربلا کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔ لاہور میں تعزیہ کا مرکزی جلوس اندرون شہر حویلی الف شاہ سے برآمد ہو گا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ اختتام پذیر ہو گا۔ علاوہ ازیں موچی گیٹ کے علاقہ میں پولیس‘ رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ آپریشن کیا جس میں 2مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔ دونوں افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز لاہور کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس بند رہی جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ لاہور میں جمعرات کی دوپہر کے بعد موبائل سروس بند ہونا شروع ہو گئی تھی۔ آج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر بند رہے گی۔ سروس بند رکھنے کیلئے پولیس کی جانب سے محکمہ داخلہ کو درخواست کی گئی تھی۔