• news

جلد انتخالات ملکی مفادمیں حکمرا نوں کے دن گنے جاچکے :عمران

چترال (آن لائن+ آئی این پی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کرپشن کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی، کرپٹ مافیا اور ’’سٹیٹس کو‘‘ کے دن گنے جاچکے ہیں، سابق چیئرمین نیب نے نواز اور زرداری کی کرپشن کو تحفظ دیا، انہیں بھی عبرتناک سزا دی جانی چاہیے، وزیرخارجہ کا اقامہ بھی سامنے آچکا ہے اور خواجہ آصف منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں ان کو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے عوام حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں لہٰذا جلد ازجلد الیکشن کرائے جائیں۔ چترال میں میڈیا سے گفتگو میں عمران نے کہا کرپشن کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی اور کرپٹ مافیا اور سٹیٹس کو والوں کے دن گنے جا چکے ہیں لہٰذا ہمیں جتنا جلد ہو سکے نئے الیکشن کی طرف جانا چاہیے کیونکہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ عوام ان لوگوں سے تنگ آچکے ہیں جتنی جلدی الیکشن ہوں گے اتنا عوام کافائدہ ہو گا۔ شاہد خاقان عباسی کیسے وزیراعظم ہیں جو ایک نااہل، کرپٹ اور جھوٹے شخص سے ملنے لندن اور مانچسٹر جاتے ہیں جبکہ نااہل وزیراعظم کے چھوٹے بھائی بھی لندن جا کر ان کے پاس بیٹھ گئے ہیں۔ پنجاب کا کوئی پرسان حال نہیں ہے اور چھوٹے بھائی مختلف قسم کی ٹوپیاں پہن کر سیر سپاٹے کررہے ہیں ان کو پنجاب میں سموگ کی روک تھام کیلئے کام کرنا تھا مگر وزیراعلیٰ پنجاب نے اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے۔ چھوٹے بھائی بڑے بھائی سے کہہ رہے ہیں کہ آپ فی الحال سائیڈ پر ہو جائیں اور مجھے پارٹی چلانے دیں یہ کیسی جمہوریت ہے۔ معیشت تباہ ہو چکی ہے۔ سٹاک مارکیٹ ریکارڈ حد تک گر چکی ہے، کوئی اس طرف توجہ دینے والا نہیں ہے۔ ایک اقامہ زدہ شخص کو وزیر خارجہ بنا دیا گیا ہے۔ اقامہ منی لانڈرنگ کیلئے بنوایا جاتا ہے اور وزیرخارجہ بھی منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں اور ان کے بھی بیرون ملک اکائونٹس ہیں۔ دنیا میں کہیں بھی الیکشن میں دھاندلی کی شکایت ہو تو دوبارہ الیکشن کرائے جاتے ہیں جیسے طیب اردگان نے کرائے مگر پاکستان میں ایسا بالکل نہیں ہے، دہشت گردی کا مسئلہ پہلے اور تھا پہلے ٹی ٹی پی سمیت مختلف گروپ دہشت گردی کررہے تھے مگر اب کچھ ممالک اس میں ملوث ہیں جیسے بلوچستان کے اندر بھارت ملوث ہے اور وہ بلوچستان میں اپنے ایجنٹوں کو فنڈنگ کررہا ہے جہاں تک بلوچوں کے حقوق کا سوال ہے تو وہ جائز ہے بلوچوں کو ان کے حقوق ملنے چاہئیں، بنیادی سہولیات ان کا حق ہے تاہم انہیں دہشت گرد گروپوں سے الگ ہو جانا چاہیے۔ دہشت گردی سے سب سے زیادہ خیبرپی کے صوبہ متاثر تھا لیکن اب وہاں امن قائم ہو چکا ہے اور ہم نے اپنی پولیس کو جدید تربیت فراہم کی ہے اور اب وہاں پر فوج کی جگہ پولیس نے سنبھال لی ہے۔ سابق چیئرمین نیب نے کرپشن کے خاتمے کیلئے نہیں بلکہ نواز زرداری کی کرپشن بچانے کیلئے گھنائونا کھیل کھیلا۔ اکیس سال سے کرپشن کیخلاف لڑنے کی کوشش کررہا ہوں۔ فوج کی مدد کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ ممکن نہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ وزیر خزانہ بستر پر ہیں اور ان پر منی لانڈنگ کے الزامات ہیں۔ وقت سے پہلے انتخابات کوئی غیر جمہوری عمل نہیں۔ چند بے وقوف اسے غیرجمہوری عمل کہہ رہے ہیں۔ قبل از وقت انتخابات میں ملک کی بہتری ہے جب کسی کا مینڈیٹ مشکوک ہو جائے تو الیکشن ضروری ہوتے ہیں۔ علاوہ ازیں عمران خان آج (جمعہ کو) ایک روزوہ دورے پر لاہور آئیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن