نواز شریف کو اداروں کیساتھ کھیل نہیں کھیلنے دینگے :زرداری
کراچی/ اسلام آباد (وقائع نگار+سٹاف رپورٹر+وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے نواز شریف اداروں کے ساتھ تصادم کا خطرناک کھیل‘ کھیل رہے ہیں، پیپلزپارٹی ایسا نہیں ہونے دے گی۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں سے ملاقات میں آصف علی زرداری کا کہنا تھا نواز شریف اپنی ذات اور خاندان کیلئے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ نواز شریف پارلیمنٹ اور عدلیہ سمیت تمام اداروں کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ جہاں ریاستی ادارے تباہ ہوں وہ ملک خانہ جنگی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ ریاستی ادارے ٹوٹ جائیں تو ملکوں کا حال افغانستان، عراق اور لیبیا جیسا ہو جاتا ہے۔ میاں صاحب پاکستان کو اس طرف لے جا رہے ہیں، جہاں ملک کسی سے نہیں سنبھل پائے گا۔ آصف زرداری نے کہا جن ملکوں کے ریاستی ادارے ٹوٹ گئے ان کو امریکہ اور نیٹو کی افواج بھی نہیں سنبھال پاتے، نواز شریف ملک کو تباہ کر کے پہلے کی طرح بھاگ جائیں گے لیکن ہم نے یہاں ہی رہنا ہے۔ علاوہ ازیں برطانوی وزیر برائے ایشیا اور پیسفک مارک فیلڈ نے آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران بتایا کہ برطانیہ صوبہ خیبر پی کے میں سکولوں کی تعمیر اور بچوں کی بہتر اور اعلی تعلیم کیلئے وظائف مہیا کررہا ہے۔ برطانوی وزیر نے مردان میں سکول اور ماڈل پولیس سٹیشن کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ برطانیہ پولیس سٹیشن میں خواتین کے فوری انصاف کی فراہمی کیلئے بھی امداد فراہم کر رہا ہے۔ دریں اثناء قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف نے سپریم کورٹ پر حملہ کیا مگر ان کو کسی نے نہ پوچھا مگر اب وقت بدل چکا اور حساب کی کتاب کھل چکی، اب انہیں حساب دینا ہوگا، عمران خان قبل از وقت انتخابات کیلئے ضرورت سے زیادہ پرجوش ہیں، ان کو اس بات کی سمجھ ہی نہیں کہ قبل از وقت تو ایک طرف ابھی تو بروقت انتخابات کیلئے بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے، ہمارا اصولی موقف یہی ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، پیپلز پارٹی کی سیاست ملک اور عوام کیلئے ہے اس لئے ہم اقتدار کیلئے کسی شارٹ کٹ کی بجائے عوامی مفاد کی دور رس پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہیں، اب شہباز شریف کہہ رہے ہیں کہ احتساب کا نظام ختم ہو چکا اور اربوں کی کرپشن کرنے والوں کو کوئی نہیں پوچھ رہا مگر جب یکطرفہ احتساب کا نشانہ صرف اور صرف پیپلز پارٹی بن رہی تھی اور ہمارے لوگوں کی پکڑ دھکڑ میں وفاقی ادارے پیش پیش تھے تو ہماری بات سننے والا کوئی نہیں تھا۔ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کر حالات بہتر ہوگئے ہیں۔ بیرون ملک سرمایہ کار ممالک کی تعداد 40 سے 85 اور کمپنیز وفد کی تعداد 4 سو سے سات سو ہوگئی ہے۔ ملک کی ضرورت ہے کہ برآمدات بڑھائی جائے۔ سعید غنی نے کہا کہ نواز شریف کو الفاظ کا چناؤ ٹھیک طریقے سے کرنا چاہئے اداروں کے ساتھ ٹکراؤ نون لیگ اور ملک کیلئے اچھا نہیں ہے۔ پیپلزپارٹی کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ نواز شریف مارشل لاء کی پیداوار ہیں یہ ماضی کے رہزن اور حال کے ملزم ہیں ان کا وی وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ نواز شریف اداروں سے تصادم چاہتے ہیں ، 2018 میں ان کی نفرت کی سیاست کا بالکل خاتمہ ہوجائے گا ، انتخابات کا موسم آتے ہی فضول باتیں آنا شروع ہوجاتی ہیں، کوئی سیاسی جماعت انتخابات کے التوا پر راضی نہیں ہے، حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولابخش چانڈیو نے کہا کہ عوام غیرجانبدار اور آزادانہ انتخابات چاہتے ہیں۔