• news

پاکستان صادق اور امین قیادت نے بنایا، بدعنوانوں نااہلوں نے برباد کیا: طاہر القادری

لاہور(خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے حکیم الامت علامہ محمد اقبالؒ کے 140 ویں یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان صادق و امین قیادت نے بنایا، بدعنوانوں اور نا اہلوںنے برباد کیا۔یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کرنے والے حکمرانوں کی اپنی چھٹی ہونیوالی ہے۔علامہ اقبال ؒکی فکر سے بغض رکھنے والا کرپٹ ٹولہ آئندہ نسلوں کو فکر اقبال ؒ سے لا تعلق رکھنا چاہتا ہے ۔ حکیم الامت جیسی ہستیاں صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں ۔ پاکستان شاعر مشرق کے خوابوں کی عملی تعبیر ہے۔ جو ہستیاں آئندہ نسلوں اور انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے جیتی ہیں اس دنیا سے پردہ کرجانے کے بعد بھی وہ زندہ و جاوید رہتی ہیں۔ پاکستان کو علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ کی امنگوں کے مطابق اسلامی ، جمہوری ،فلاحی مملکت بنانے کے لیے قائد و اقبال ؒ کی فکر پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناءمنہاج یونیورسٹی لاہور کے بورڈ آف گورنر کے وائس چیئرمین ڈاکٹر حسین محی الدین القادری نے یوم اقبال ؒ کے موقع پر مزار اقبال ؒ پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر ان کے ہمراہ منہاج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم غوری،کرنل(ر) محمد احمد ،ڈاکٹر نادر بخش،فیاض وڑائچ،سہیل رضا ،نور اللہ صدیقی و دیگر رہنما موجود تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن