• news

ارشد و ہرا کو نااہل قرار دیا جائے: فاروق ستار کا چیف الیکشن کمشنر کو خط

اسلا م آ با د(آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے والے ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ کو عہدے سے ہٹانے کے لئے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا۔تفصیلات کے مطابق فاروق ستار کی جانب سے الیکشن کمشن کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ارشد وہرہ کا ایم کیو ایم چھوڑ کر دوسری جماعت میں شامل ہونا آئین و قانون کی خلاف ورزی ہے اس لئے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔خط میں مطالبہ کیا گیا ارشد وہرہ کی ڈپٹی میئر کے عہدے سے نااہلی کا نوٹیفکیشن فوری جاری کیا جائے۔فاروق ستار نے الیکشن کمشن کو لکھے گئے خط میں رابطہ کمیٹی کے 3 نومبر کے اجلاس کا بھی حوالہ دیا جس کے مطابق اجلاس میں ارشد وہرہ کے معاملے پر انہیں قانونی کارروائی کا اختیار دیا گیا تھا۔سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے ارشد وہرہ کو نااہل قرار دینے کے بعد خالی نشست پر ضمنی الیکشن کرانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ نے ایم کیو ایم پاکستان کو خیرباد کہہ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن