• news

بھارت کا معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا غیر پیشہ ورانہ‘ مذمت کرتے ہیں: شاہد خاقان ‘ آرمی چیف کے ساتھ دورہ کنٹرول لائن

چری کوٹ+ راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں+سٹاف رپورٹر ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا‘ دنیا کی کوئی آرمی پاک فوج کے برابر نہیں‘ مادر وطن کے دفاع اور آزاد کشمیر کے شہریوں کے تحفظ کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہیں۔ مشرقی سرحد سے خطرے کے باوجود انسداد دہشتگردی میں کامیابی سنگ میل ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق جمعہ کے روز وزیراعظم اور آرمی چیف قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے بھارت کی طرف سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے شہداء کے خاندانوں اور زخمیوں کیلئے مالی امداد بڑھانے کا اعلان بھی کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا اور کہا کہ شہداء کے لواحقین کا عزم اور حوصلہ قابل تعریف ہے۔ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا ہم کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی سفارتی حمایت جاری رکھیں گے اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر بھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم نے وہاں تعینات فوجی دستوں سے بھی ملاقات کی‘ فوجی افسروں اور جوانوں سے ملاقات میں وزیراعطم کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کا حوصلہ بلند ہے ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور دنیا کی کوئی بھی فوج افواج پاکستان کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ انہوں نے جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی کوئی آرمی پاک فوج کے برابر نہیں جبکہ مادر وطن کے دفاع اور آزاد کشمیر کے شہریوں کے تحفظ کے لئے پاک فوج کی قربانیوں کو سراہتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ مشرقی سرحد سے خطرے کے باوجود انسداد دہشتگردی میں کامیابی سنگ میل ہے، وزیراعظم کو ایل او سی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ بھارت فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے جبکہ پاک فوج بھارتی جارحیت کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے شہری آبادی کے تحفظ کیلئے کنٹرول لائن پر بنکرز کی تعمیر کی بھی منظوری دی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ٹانگ سے محروم لڑکی کو راولپنڈی میں بحالی کے فوجی ادارے میں بجھوانے کی ہدایت بھی کی۔ قبل ازیں لائن آف کنٹرول آمد پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور کماندر 10کور نے استقبال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن